متحدہ ضلع نظام آباد کی آبپاشی ضروریات کی تکمیل کیلئے پیاکیج کی منظوری

   

وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی کا اعلیٰ سطحی اجلاس، سیاحتی علاقوں کو فروغ دینے کا فیصلہ
حیدرآباد 14 اپریل (سیاست نیوز) پرانیہتا چیوڑلہ پراجکٹ کی طرز پر متحدہ نظام آباد ضلع میں آبپاشی ضروریات کی تکمیل کے لئے حکومت نے پیاکیج 22 پر عمل آوری کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی، وزیر اکسائز جوپلی کرشنا راؤ، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ اور حکومت کے مشیر برائے اقلیت و کمزور طبقات محمد علی شبیر نے محکمہ آبپاشی کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جس میں ضلع نظام آباد میں آبپاشی پراجکٹس پر عمل آوری کا جائزہ لیا گیا۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ حکومت پیاکیج 22 کیلئے درکار فنڈس جلد جاری کرے گی تاکہ اراضی حصول کا کام مکمل کیا جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ علاقہ میں آبپاشی سہولتوں کو بہتر بنانے کے لئے پرانیہتا چیوڑلہ پراجکٹ کو اختیار کرتے ہوئے پیاکیج 22 تیار کیا گیا۔ پیاکیج پر عمل آوری کی صورت میں متحدہ ضلع نظام آباد کے ہزاروں کسانوں کو فائدہ ہوگا اور فصلوں کو سیراب کیا جاسکے گا۔ اجلاس میں نظام ساگر کنال کے اطراف پیاکیج 20 کے تحت کانکریٹ وال کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا تاکہ پانی کے لکیجس کو روکا جاسکے۔ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ پیاکیج 21 اور 21A پر توجہ مرکوز کرے۔ اِن منصوبوں کے تحت نئے ذخائر آب تعمیر کئے جائیں گے۔ ضلع میں 20 ہزار ایکر اراضی کو خریف سیزن میں سیراب کرنے کا منصوبہ ہے۔ کانگریس حکومت نے نظام آباد اور اطراف کے علاقوں میں آبپاشی سہولتوں کو بہتر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں آرمور اور دیگر اسمبلی حلقہ جات میں زیرتکمیل آبپاشی پراجکٹس کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ محمد علی شبیر نے کہاکہ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ سنگتم پراجکٹ کے زیرتکمیل کاموں پر توجہ دی جائے تاکہ اطراف کے علاقوں کے زیرآب آنے کے خدشات دور کئے جاسکیں۔ اُنھوں نے کہاکہ نظام ساگر ڈیم کے اطراف ایکو ٹورازم کو فروغ دینے کے لئے 12 ایکر اراضی کا استعمال کیا جائے گا جس کے لئے نو آبجکشن سرٹیفکٹ جاری کیا جائے گا۔ وزیر اکسائز و سیاحت جوپلی کرشنا راؤ نے کہاکہ تالابوں اور جھیلوں کے اطراف سیاحت کو فروغ دینے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ اجلاس میں نظام آباد رورل کے رکن اسمبلی بھوپتی ریڈی، رکن اسمبلی جکل لکشمی کانت راؤ، رکن پارلیمنٹ ظہیرآباد سریش شیٹکر نے شرکت کی۔1