متھن دیب برما کی دل کا دورہ پڑنے پر موت

   

انڈر23ٹیم کے کھلاڑی کی اچانک موت سے کرکٹ علاقوں میں صدمہ
نئی دہلی ۔4 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) کرکٹ کے میدان پرکئی کھلاڑیوں کی جان چکی ہے اور کچھ ایسا ہی تریپورہ کے اگرتلہ میں بھی ہوگیا۔ رپورٹس کے مطابق تریپورہ کی انڈر۔23 ٹیم کے کھلاڑی متھن دیب برما کی دل کا دورہ پڑنے سے موت ہوگئی۔ دیب برما کو میچ کے دوران دل کا دورہ آیا اور اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی ان کی موت ہوگئی۔ اسپورٹس اسٹار کی خبر کے مطابق اگرتلہ کے مہاراجا بر بکرم کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک پریکٹس میچ چل رہا تھا جس میں متھن دیب برما بھی کھیل رہے تھے۔ متھن فیلڈنگ کر رہے تھے لیکن اچانک وہ میدان پرگر پڑے۔ متھن کو بیہوش ہوتے دیکھ کر ان کے ساتھیوں نے انہیں فوراً اٹھایا اور نزدیکی اندرا گاندھی میموریل اسپتال لے گئے جہاں انہیں ڈاکٹروں نے مردہ قرار دیا۔ ڈاکٹرس نے متھن دیب برما کی موت کی وجہ دل کا دورہ بتائی جسے جان کر سبھی حیران رہ گئے۔ڈاکٹروں نے کہا کہ متھن دیب برما کو شدید دل کا دورہ آیا اور اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی ان کی موت ہوگئی تھی۔ متھن کو اتنی کم عمر میں دل کا دورہ کیسے پڑا یہ جاننے کیلئے ان کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا گیا ہے۔ متھن دیب برما کی موت کی خبر سن کر تریپورہ کرکٹ اسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر مانک شاہ بھی اسپتال پہنچے۔ کئی بڑے کرکٹر بھی اس حادثے سے صدمے میں ہیں۔