متھن چکرورتی دادا صاحب پھالکے ایوارڈ کیلئے منتخب

   

ممبئی: ہندی سنیما کے سینئر اداکار متھن چکرورتی کو باوقاردادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ متھن چکرورتی کو 74 سال کی عمر میں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ متھن اب بھی ہندوستانی سنیما میں سرگرم ہیں اور اپنی اداکاری سے مداحوں کا دل جیت رہے ہیں۔ اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی وشنو نے اپنے ایکس ہینڈل پر پوسٹ کرتے ہوئے یہ اطلاع دی ہے۔ اشونی وشنو نے اس بات کا اعلان کیا کہ ہندی سنیما کے اداکار متھن چکرورتی کو فلمی صنعت میں ان کی شاندار خدمات کیلئے دادا صاحب پھالکے ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ ایشونی ویشنو نے ٹوئٹ کی ’مجھے اعلان کرتے ہوئے فخر ہے کہ دادا صاحب پھالکے سلیکشن جیوری نے فیصلہ کیا ہے کہ لیجنڈ اداکار متھن چکرورتی کو ہندوستانی سنیما میں ان کی شاندار خدمات کیلئے اس با وقار دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا جائے گا‘۔متھن کو 8 اکتوبر کو 70 ویں نیشنل فلم ایوارڈز کی تقریب میں یہ ایوارڈ عطا کیا جائے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے متھن چکرورتی کا کہنا تھا کہ’ میرے پاس ایسے الفاظ نہیں جو بیان کرسکیں کہ میں کیسا محسوس کر رہا ہوں، نہ میں ہنس سکتا ہوں اور نہ رو سکتا ہوں، میں کولکتہ کی گلیوں سے آیا ہوں، سوچ نہیں سکتا تھا کہ ایسی جگہ کا لڑکا اس طرح کے ایواڈ سے نوازا جائیگا۔بے حد خوش ہوں اس ایوارڈ کو اپنی فیملی اور اپنے مداحوں کے نام کرتا ہوں۔متھن نے اپنے فلمی کیرئیر میں سینکڑوں فلموں میں کام کیا اور یہ سفر اب بھی جاری ہے۔متھن کا فلمی کیرئیر 1976 میں فلم ‘مریگیا’ سے شروع ہوا جس کے بعد پچھلے 48 سالوں سے متھن نے کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔متھن چکرورتی نے بالی ووڈ انڈسٹری کو کروڑوں کا بزنس کرنے والی فلمیں تو دیں لیکن 100 کروڑ روپے کا بزنس کرنے والی پہلی ہٹ فلم دینے کا اعزاز بھی متھن چکرورتی کے پاس ہے۔ متھن کی فلم ‘ڈسکو ڈانسر’ نے 100 کروڑ کا بزنس کرکے تاریخ رقم کی تھی۔1990کی فلم اگنی پتھ میں ان کے کام کی بپھر پور ستائش کی گئی ۔ متھن چکرورتی کئی رئیالیٹی شوز میں جج کی حیثیت سے بھی نظر آتے رہے ہیں ۔