مجالس مقامی انتخابات میں پارٹی کے بہتر مظاہرے کیلئے متحدہ مساعی پر زور

   

گاندھی بھون میں میدک اور عادل آباد اضلاع کا جائزہ اجلاس، مہیش کمار گوڑ، دیپاداس منشی اور ریاستی وزراء کی شرکت
حیدرآباد: 15 اکٹوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں مجالس مقامی کے انتخابات پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے آج متحدہ میدک اور عادل آباد ضلع کے قائدین کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ دیپا داس منشی، سکریٹری اے آئی سی سی وشواناتھن، ریاستی وزراء دامودھر راج نرسمہا، پونم پربھاکر، ڈی اناسوا سیتکا کے علاوہ دونوں متحدہ اضلاع سے تعلق رکنھے والے ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی اور کونسل، ضلع کانگریس صدور اور سابق ارکان اسمبلی نے شرکت کی۔ مجالس مقامی کے انتخابات پر قائدین کو توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ اختلافات کی یکسوئی کرتے ہوئے متحدہ طور پر الیکشن کا سامنا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں کانگریس پارٹی کی فلاحی اسکیمات سے عوام کو واقف کرانے کی ضرورت ہے۔ حکومت نے انتخابات سے قبل عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی ہے اور 10 سال کے وقفہ کے بعد ریاست میں پرجاپالنا کے تحت عوامی مسائل کی یکسوئی عمل میں آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کو اندراماں مکانات اور بے روزگار نوجوانوں کو سرکاری ملازمت کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو آر ٹی سی میں مفت سفر، کسانوں کو دو لاکھ روپئے تک قرض معافی، 500 روپئے گیاس سیلنڈر، غریب خاندانوں کو 200 یونٹ مفت برقی سربراہی جیسے وعدوں پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومت کی اسکیمات عوام تک پہنچائیں اور ان پر موثر عمل آوری کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ مجالس مقامی کے علاوہ کونسل کی گریجویٹ اور ٹیچرس نشستوں کے انتخابات پر توجہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر اسمبلی حلقہ میں قائدین کو متحدہ طور پر کام کرنا چاہئے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ اسمبلی حلقہ جات کے انچارج اور ضلع کے انچارج وزیر کے درمیان بہتر تال میل کی ضرورت ہے۔ انہوں نے میدک اور عادل آباد اضلاع میں پارٹی کے استحکام پر توجہ دینے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں اضلاع میں پارٹی کا موقف مستحکم ہے۔ انچارج جنرل سکریٹری دیپاداس منشی نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے میدک ضلع کو ہمیشہ ترجیح دی ہے کیوں کہ اس ضلع سے آنجہانی اندرا گاندھی لوک سبھا کے لیے منتخب ہوئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ میدک میں بی آر ایس کے لیے کے سی آر اور ہریش رائو جیسے قائدین ہیں لہٰذا کانگریس قائدین کو مکمل اتحاد کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے چنائو میں بی آر ایس کا ووٹ بینک بی جے پی کو منتقل کیا گیا تھا۔ دیپاداس منشی نے کہا کہ دونوں متحدہ اضلاع میں قائدین کی مساعی کے ذریعہ مجالس مقامی میں بہتر نتائج متوقع ہے۔ اجلاس میں دونوں اضلاع کے قائدین نے نامزد عہدوں پر تقررات میں موثر نمائندگی کا مطالبہ کیا۔ دیپاداس منشی نے تیقن دیا کہ اس سلسلہ میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کی توجہ مبذول کرائی جائے گی۔ 1