آج سے پرچہ نامزدگی کا ادخال، 13 فروری کو جانچ ،انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ، الیکشن کمشنر رانی کمودنی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 27 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے ریاست میں مجالس مقامی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ 116 میونسپلٹیز، 7 میونسپل کارپوریشنوں کے لئے 11 فروری کو رائے دہی ہوگی۔ اسٹیٹ الیکشن کمشنر آئی رانی کمودنی آئی اے ایس نے ڈائرکٹر جنرل پولیس شیودھر ریڈی اور چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ کے ہمراہ پریس کانفرنس میں الیکشن شیڈول جاری کیا۔ مجالس مقامی انتخابات کا نوٹیفکیشن کل 28 جنوری کی صبح جاری کیا جائے گا جس کے ساتھ ہی پرچہ نامزدگی کے مرحلہ کا آغاز ہوگا۔ صبح 10.30 تا شام 5 بجے امیدوار متعلقہ ریٹرننگ آفیسرس کے پاس پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔ نوٹیفکیشن کی اجرائی کے بعد بلدی وارڈ سطح پر فہرست رائے دہندگان جاری کی جائے گی۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال کی آخری تاریخ 30 جنوری شام 5 بجے تک مقرر کی گئی ہے۔ 31 جنوری کو صبح 11 بجے سے پرچہ جات نامزدگی کی جانچ کا آغاز ہوگا۔ امیدواروں کی قطعی فہرست 31 جنوری کی شام تک جاری کردی جائے گی۔ پرچہ جات کے مسترد کئے جانے کی صورت میں یکم فروری شام 5 بجے تک ڈسٹرکٹ الیکشن اتھاریٹی یا ایڈیشنل ڈسٹرکٹ الیکشن اتھاریٹی کے پاس اپیل کی جاسکتی ہے۔ 2 فروری کو اِس طرح کی اپیلوں کی یکسوئی کردی جائے گی۔ 3 فروری سہ پہر 3 بجے تک پرچہ جات نامزدگی سے دستبرداری اختیار کی جاسکتی ہے۔ اُسی دن شام میں انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی قطعی فہرست کا اجراء عمل میں آئے گا۔ رائے دہی 11 فروری صبح 7 تا شام 5 بجے ہوگی۔ دوبارہ رائے دہی کے فیصلہ کی صورت میں مخصوص پولنگ اسٹیشنوں پر 12 فروری کو رائے دہی کے انتظامات کئے جائیں گے۔ رائے شماری کا 13 فروری کی صبح 8 بجے آغاز ہوگا اور نتائج کا اعلان کردیا جائے گا۔ الیکشن کمشنر نے کہاکہ آزادانہ اور منصفانہ رائے دہی کو یقینی بنانے کے لئے وسیع تر انتظامات کئے گئے ہیں۔ منتخب وارڈ ممبرس کی حلف برداری 16 فروری صبح 11 بجے ہوگی جبکہ اُسی دن دوپہر 12.30 بجے صدورنشین، نائب صدورنشین، میونسپلٹیز، میئر اور ڈپٹی میئر میونسپل کارپوریشن کے انتخاب کے لئے خصوصی اجلاس ہو گا۔ رانی کمودنی نے بتایا کہ 116 میونسپلٹیز اور 7 میونسپل کارپوریشنوں کے تحت جملہ رائے دہندے 52.43 لاکھ ہیں جن میں مرد 25.62 لاکھ اور خواتین 26.80 لاکھ جبکہ دیگر رائے دہندے 640 ہیں۔ مرد رائے دہندوں کے مقابلہ خواتین کی تعداد زیادہ ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر 2996 وارڈس کے لئے رائے دہی ہوگی اور 8203 پولنگ اسٹیشن قائم کئے جائیں گے۔ رائے دہی بیالٹ پیپر کے ذریعہ ہوگی جس کے لئے 16031 بیالٹ باکسیس تیار کئے گئے ہیں۔ 137 اسٹرانگ رومس قائم کئے جارہے ہیں جہاں بیالٹ باکسیس محفوظ کئے جائیں گے۔ رائے شماری کے لئے 136 کاؤنٹنگ سنٹرس قائم کئے جائیں گے۔ رائے دہی کے سلسلہ میں 742 زونل آفیسرس، 1379 ریٹرننگ آفیسرس، 1547 اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرس، 9560 پولنگ آفیسرس اور 31428 ایڈیشنل پولنگ آفیسرس کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔ کارپوریشنوں اور میونسپلٹیز کے جملہ 2996 وارڈس میں تحفظات کو قطعیت دی گئی ہے۔ بی سی جنرل کے تحت 463، بی سی وومن 391 ، ایس سی جنرل 254، ایس سی وومن 190، ایس ٹی جنرل 147، ایس ٹی وومن 40، جنرل مرد 647 اور جنرل خواتین کے تحت 864 نشستیں الاٹ کی گئی ہیں۔ رانی کمودنی نے کہاکہ انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہوچکا ہے جس پر سختی سے عمل آوری کے لئے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی گئی ہے۔ انتخابی مہم کے دوران امن و ضبط کی برقراری کے لئے ڈائرکٹر جنرل پولیس شیودھر ریڈی نے ضلعی عہدیداروں کو ہدایات جاری کی ہیں۔1