مجالس مقامی کے انتخابات دو یا تین مراحل میں ہوں گے، الیکشن کمیشن کو کلکٹرس کی تجاویز

   

حیدرآباد ۔ 24 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں مجالس مقامی کے انتخابات کے سلسلہ میں ضلع کلکٹرس کی جانب سے بی سی تحفظات کو قطعیت دینے کا مرحلہ تقریباً مکمل ہوچکا ہے اور ضلع کلکٹرس نے اسٹیٹ الیکشن کمیشن کو 2 یا 3 مراحل میں رائے دہی کے انعقاد کی تجویز پیش کی ہے۔ حکومت کی ہدایت پر ضلع کلکٹرس نے تحفظات کے تعین کا کام مکمل کرتے ہوئے حکومت کو رپورٹ روانہ کردی ہے۔ سرپنچ ، وارڈ ممبرس ، ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی نشستوں کے علاوہ ضلع پریشد صدورنشین کے عہدوں پر تحفظات کو قطعیت دی گئی ہے ۔ ضلع کلکٹرس کی جانب سے اسٹیٹ الیکشن کمیشن کو پولنگ بوتھس کے درکار عملے اور دیگر ضرورتوں کے بارے میں رپورٹ روانہ کی جارہی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ضلع کلکٹرس نے دو یا تین مراحل میں رائے دہی کی سفارش کی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک مرحلہ میں رائے دہی کی صورت میں درکار پولنگ اسٹاف دستیاب نہیں ہے ، لہذا دو یا تین مراحل میں رائے دہی کی صورت میں پولنگ اسٹاف کا انتظام کیا جاسکتا ہے ۔ ضلع کلکٹرس نے پولنگ اسٹیشنوں کے علاوہ دیگر انتخابی سرگرمیوں کیلئے عہدیداروں اور اسٹاف کی ضرورت کے بارے میں الیکشن کمیشن کو واقف کرایا۔ حکومت نے بی سی تحفظات کے سلسلہ میں عنقریب جی او جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کانگریس پارٹی نے مجالس مقامی میں پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات کی فراہمی کے وعدہ کی تکمیل کے لئے جی او کی اجرائی کا فیصلہ کیا ۔ حکومت کی جانب سے اسمبلی میں منظورہ بلز صدر جمہوریہ کے پاس زیر التواء ہے ۔ چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ نے ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس میں انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ قانونی ماہرین نے حکومت کو مشورہ دیا کہ مزید تاخیر کے بجائے اکتوبر میں انتخابات کو قطعیت دی جائے تاکہ جی او کی اجرائی کے ذریعہ تحفظات کو یقینی بنایا جاسکے۔ ضرورت پڑنے پر ہائی کورٹ سے رجوع ہوتے ہوئے ایک ماہ کی مہلت طلب کی جائے گی کیونکہ ہائی کورٹ نے 30 ستمبر تک انتخابات مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔1