حیدرآباد۔/24نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ وقف ٹریبونل نے مجلس شوریٰ دستی پارچہ بافی حرمین شریفین کے خلاف تلنگانہ وقف بورڈ کی کارروائی کو غلط قرار دیتے ہوئے مقدمات کو برخواست کردیا ہے۔ وقف بورڈ کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر کی حیثیت سے متحدہ آندھرا پردیش میں شیخ محمد اقبال نے مجلس شوریٰ دستی پارچہ بافی حرمین شریفین کی جائیدادوں کو وقف بورڈ انتظامیہ کے تحت حاصل کرنے کا اعلان کیا تھا اور بعض عمارتوں کو مقفل کردیا گیا تھا۔ اس اقدام کے خلاف مجلس شوریٰ کے متولی وقف ٹریبونل سے رجوع ہوئے۔ ٹریبونل نے تفصیلی سماعت کے بعد وقف بورڈ کے اقدامات اور کارروائیوں کے طریقہ کار کو غلط قرار دیا۔ ٹریبونل کا احساس ہے کہ وقف بورڈ کو مجلس شوریٰ کے اثاثہ جات راست نگرانی میں لینے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔ ٹریبونل نے مجلس شوریٰ کے خلاف مقدمات کو خارج کردیا۔ ٹریبونل میں مجلس شوریٰ کی نمائندگی خواجہ فصیح الدین فرزند کے ایم عارف الدین مرحوم نے کی۔ وقف ٹریبونل کے صدرنشین محمد نظام الدین اور ارکان ٹی پورنا چندر اور محترمہ محسنہ پروین نے 12 نومبر کو یہ فیصلہ سنایا۔ر