مجلسی امیدواروں کو 7 حلقوں میں جملہ 39,646 ووٹ

   

مدھیہ پردیش اور راجستھان اسمبلی الیکشن

حیدرآباد۔6۔ڈسمبر۔(سیاست نیوز) مجلس اتحاد المسلمین نے راجستھان اور مدھیہ پردیش میں جن 7 حلقہ جات اسمبلی سے مقابلہ کیا تھا ان میں مجلسی امیدواروں کو جملہ 39 ہزار 646 ووٹ حاصل ہوئے۔راجستھان میں انتخابات میں کامیابی حاصل کرتے ہی گوشت کی دکانوں کو بند کروانے کی ہدایات کے ساتھ ویڈیو جاری کرنے والے حلقہ اسمبلی ہوا محل کے رکن اسمبلی بی جے پی بالمکند چاری جو کہ 974 ووٹ سے کامیاب ہوئے ہیں ان کے خلاف مجلسی امیدوار جمیل احمد خان نے 588ووٹ حاصل کئے جو کہ اس حلقہ میں NOTAکے لئے استعمال کئے جانے والے ووٹوں سے بھی کم ہیں۔حلقہ اسمبلی کمان میں جہاں مجلس نے عمران نامی شخص کو امیدوار بنایا تھا اس حلقہ سے بھی بی جے پی نے 13ہزار 906 ووٹ سے کامیابی حاصل کی اور مجلسی امیدوار کو 174 ووٹ حاصل ہوئے جبکہ NOTAکو 1076ووٹ ڈالے گئے۔ حلقہ اسمبلی فتح پور سے مجلس اتحادالمسلمین نے جاوید علی خان کو امیدوار بنایا تھا لیکن اس حلقہ سے کانگریس امیدوار حکم علی خان نے 25 ہزار 993 ووٹوں سے کامیابی حاصل کی اور مجلسی امیدوار کو 273 ووٹ حاصل ہوئے اور NOTAکے حق میں 762 ووٹوں کا استعمال کیا گیا ۔ راجستھان کے ان حلقہ جات اسمبلی میں اویسی برادران نے انتخابی مہم چلاتے ہوئے جلسہ عام سے خطاب بھی کیا تھا۔دونوں بھائیوں کی انتخابی مہم کے باوجود راجستھان میں مجلسی امیدوار وں کو مجموعی طور پر 1035 ووٹ حاصل ہوئے ۔ مدھیہ پردیش میں جہاں مجلس نے 4 امیدواروں کو میدان میں اتارا تھا اور ان 4امیدواروں نے مجموعی طور پر 38 ہزار611 ووٹ حاصل کئے۔ حلقہ اسمبلی برہان پور سے جہاں بھارتیہ جنتا پارٹی رکن اسمبلی ارچنا دی دی نے31 ہزار 171ووٹوں سے کامیابی حاصل کی اس حلقہ سے مقابلہ کر رہے مجلسی امیدوار نفیس منشاء نے 33 ہزار853 ووٹ حاصل کئے جبکہ دوسرے نمبر پر کانگریس امیدوار ٹھاکر سریندر سنگھ تھے جو کہ 31 ہزار171 ووٹ سے شکست سے دوچار ہوئے ۔جبل پور (ایسٹ ) سے مجلسی امیدوار گجیندر سونکر نے 2584 ووٹ حاصل کئے جبکہ کانگریس امیدوار لکھن گھنگھوریا نے 27ہزار741 ووٹ سے کامیابی حاصل کی ۔اس حلقہ اسمبلی سے NOTA کے حق میں 1444 ووٹوں کا استعمال کیا گیا۔اسی طرح اندور 5 حلقہ اسمبلی سے مجلسی امیدوارفیصل وسیم شیخ نے 660 ووٹ حاصل کئے جبکہ اس حلقہ اسمبلی سے بھارتیہ جنتا پارٹی امیدوار مہیندر ہردیا نے 15ہزار671 ووٹ حاصل کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی ۔اس حلقہ میں NOTA کے حق میں 1549 ووٹ استعمال کئے گئے ۔حلقہ اسمبلی اندور1 سے جہاں بھارتیہ جنتا پارٹی کے کیلاش وجئے ورگیا نے 57 ہزار 939 ووٹوں سے کامیابی حاصل کی اس حلقہ سے مجلسی امیدوار یاسر پٹھان نے 1519 ووٹ حاصل کئے اور اس حلقہ اسمبلی میں 1384 ووٹ NOTAکے حق میں استعمال کئے گئے ۔