مجھ پر عائد الزامات ’من گھڑت‘ :فاروق عبد اللہ

   

سری نگر : 31 مارچ (ایجنسیز) نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ فاروق عبداللہ نے جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن (جے کے سی اے) فنڈ میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کے معاملہ میں اپنے اوپر عائد الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ 88 سالہ فاروق عبداللہ نے سری نگر کی چیف جوڈیشل مجسٹریٹ تبسم کی عدالت میں ورچوئل طریقے سے پیش ہوئے، جنہوں نے انہیں سی بی آئی کی چارج شیٹ کی باتیں پڑھ کر سنائیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انہیں مزید کچھ کہنا ہے تو انہوں نے کہا کہ میرے پاس یہ کہنے کے علاوہ کچھ نہیں ہے کہ ’یہ الزام من گھڑت‘ ہیں۔عدالت نے فاروق عبداللہ سے پوچھا کہ کیا انہیں چارج شیٹ کی باتیں جو بتائی گئی تھیں وہ سمجھ آ گئی تھیں تو انہوں نے ہاں میں جواب دیا۔ جب سابق وزیر اعلیٰ سے پوچھا گیا کہ کیا وہ ان الزامات کو قبول کرتے ہیں تو انہوں نے کہا کہ ’’نہیں میں کسی بھی الزام کا قصوروار نہیں ہوں۔‘‘ اس معاملے میں باقی ملزمان جو خود عدالت میں موجود تھے، انہوں نے بھی اپنے اوپر عائد تمام الزامات کو خارج کر دیا، سوائے 2 لوگوں کے جنہیں سی بی آئی نے معاف کر دیا اور ان پر کوئی الزام نہیں لگایا تھا۔