سابق سی بی آئی جج کا دعوی ‘گالی جناردھن ریڈی مقدمہ کی سماعت
حیدرآباد 27 اگسٹ ( پی ٹی آئی ) ایک سابق سی بی آئی جج ‘ رقم برائے ضمانت مقدمہ میں ایک گواہ کی حیثیت سے عدالت میں پیش ہوئے ۔ یہ مقدمہ کرناٹک میں کانکنی کے سرغنہ گالی جناردھن ریڈی سے متعلق ہے ۔ جج نے یہ دعوی کیا کہ 2012 میں انہیں گالی جناردھن ریڈی کی ضمانت منظور کرنے کیلئے 40 کروڑ روپئے تک کی رشوت کی پیشکش کی گئی تھی ۔ گالی جناردھن ریڈی کرناٹک میں وزیر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ سابق جج ناگا ماروتی سرما 2012 میں سی بی آئی مقدمات کے خصوصی جج کی حیثیت سے برسر کار تھے اور وہ جناردھن ریڈی کی غیر قانونی کانکنی کے مقدمہ کی سماعت کر رہے تھے ۔ سرما نے سابق کی طرح کرپشن بیورو کی عدالت میں بھی اس الزام کو دہرایا کہ ایک اور عدالتی عہدیدار کے ذریعہ انہیں چالیس کروڑ روپئے رشوت کی پیشکش کی گئی تھی کہ وہ جناردھن ریڈی کی ضمانت منظور کردیں۔ اس کیس کی سماعت فی الحال انسداد رشوت ستانی عدالت میں ہو رہی ہے ۔ سابق جج کے بیان کے بعد اس مسئلہ پر آئندہ سماعت 12 ستمبر کو مقرر کی گئی ہے ۔ جناردھن ریڈی 2012 میں کانکنی مقدمہ کے سلسلہ میں حیدرآباد کی ایک جیل میں تھے اور انہوں نے سی بی آئی عدالت سے ضمانت کی درخواست کی تھی ۔ سرما نے قبل ازیں یہ دعوی کیا تھا کہ انہوں نے عدالتی عہدیدار کی جانب سے کی گئی چالیس کروڑ روپئے رشوت کی پیشکش کو ٹھکرا دیا تھا ۔ سرما نے کہا کہ رشوت کی پیشکش کرنے والا عہدیدار ان سے سینئر تھا اور اس نے ایک ملاقات کے موقع پر انہیں رشوت کی پیشکش کی تھی ۔