مجھے جیل جانے سے بچاؤ، کوہین کی قانون سازوں سے اپیل

,

   

نیویارک ۔ 5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مائیکل کوہین کے اٹارنیز نے کانگریس کے ارکان سے استدعا کی ہیکہ وہ کوہین کو جیل جانے سے روکنے میں اپنا تعاون پیش کریں۔ قانون سازوں کو جمعرات کے روز تحریر کئے گئے ایک مکتوب میں اٹارنیز نے کہا کہ کوہین اب بھی ان دستاویزات کی جانچ پڑتال کررہے ہیں جو شاید ایوان کے ڈیموکریٹس کیلئے کوئی دلچسپی کی وجہ بن سکتے ہوں جو کوہین کے سابق باس یعنی امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے خلاف تحقیقات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیڈول کے مطابق کوہین کو 6 مئی کو جیل بھیجا جاسکتا ہے اور اس صورت میں کوہین کچھ اہم دستاویزات کی جانچ پڑتال نہیں کرسکیں گے۔ کوہین کے اٹارنیز نے قانون سازوں سے کہا کہ وہ مکتوب تحریر کرتے ہوئے یہ استدلال پیش کریں کہ انہیں اپنی تحقیقات کے دوران کوہین تک ہمہ وقت رسائی درکار ہوگی۔ اگر کوئی اس نوعیت کا مکتوب تحریر کردے تو پھر کوہین کو جیل بھیجنے کی جس تاریخ کا تعین کیا گیا ہے اسے مزید آگے بڑھایا جاسکتا ہے۔ یاد رہیکہ مائیکل کوہین پر ٹیکس کی چوری، دھوکہ دہی، کانگریس سے جھوٹ بولنے اور مہمات فنڈس میں خردبرد کرنے کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔