مجھے لگتا ہے کہ جنرل نروَنے سچ بول رہے ہیں: راہول

   

نئی دہلی، 10 فروری (یو این آئی) لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے کہا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل ایم ایم نرونے کی کتاب کی اشاعت کے حوالے سے جو الجھن پیدا ہوئی ہے اس میں سچ وہی لگتا ہے جو جنرل نرونے کہہ رہے ہیں۔منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں صحافیوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے مسٹر گاندھی نے کہا کہ سابق آرمی چیف کا کہنا ہے کہ کتاب شائع ہو چکی ہے اور اسے آن لائن خریدا جا سکتا ہے ، جب کہ کتاب کے ناشر پینگوئن اس کی اشاعت سے انکار کرتا ہے ۔ اس تذبذب کی حالت میں انہیں لگتا ہے کہ سابق آرمی چیف سچ بول رہے ہیں۔کانگریس لیڈر نے کہا کہ جنرل نرونے کا ایک ٹویٹ ہے جس میں انہوں نے لکھاہے کہ میری کتاب کے لنک پر کلک کریں۔ میرے کہنے کا مطلب یہ ہے کہ یا تو سابق آرمی چیف نرونے جھوٹ بول رہے ہیں یا پینگوئن پبلشنگ کمپنی۔ مجھے نہیں لگتا کہ سابق آرمی چیف جھوٹ بولیں گے ۔ پینگوئن پبلشنگ کمپنی کہتی ہے کہ کتاب شائع نہیں ہوئی ہے ، جبکہ یہ کتاب ایمیزون پر دستیاب ہے ۔