محبوب نگر : اردو گھر ، مسلم شادی خانہ ، قبرستان کیلئے فنڈس منظور

   

ترقیاتی پروگرام کے موقع پر چیف منسٹر کا اعلان ، روزنامہ سیاست کی بار بار توجہ دہانی کامیاب

محبوب نگر /10 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی چیف منسٹر اے ریونت ریڈی منگل کے دن اپنے آبائی ضلع محبوب نگر پہلی مرتبہ سرکاری دوہ پر پہونچے ۔ کئی ایک پروگرامس میں شرکت کی سنگ بنیاد اور افتتاح کیا ۔ مستقر محبوب نگر پر امبیڈکر کلا بھون سے متصل اردو گھر کی تعمیر و تزئین نو کیلئے 15 کروڑ روپئے مستقر پر مسلم شادی خانے کی تعمیر کیلئے 25 کروڑ روپئے مولا علی پہاڑ پر مسلم قبرستان کیلئے 5 کروڑ کی منظوری کا اعلان کیا ۔ جس کیلئے مقامی ایم ایل اے اے سرینواس ریڈی اور ٹی ایم ایف سی چیرمین عبیداللہ کوتوال نے نمائندگی کی تھی ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ بی آر ایس کے دور اقتدار سے ہی روزنامہ سیاست نے ( بوسیدہ و خستہ حال ) اردو گھر کی تعمیر و تزئین نو اور مستقر محبوب نگر پر ہی شادی خانہ ( مسلم شادی خانہ ) کی تعمیر کیلئے متعدد مرتبہ حکومت کی توجہ مبذول کروائی تھی۔ اس موقع پر بلدی حلقہ مدینہ مسجد کے کونسلر معین علی نے چیف منسٹر سے ملاقات کرکے یادداشت پیش کی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ اقلیتوں کیلئے سبسیڈی قرضہ جات اور خواتین میں سلوائی مشینوں کی تقسیم جو گذشتہ الیکشن کوڈ کی وجہ سے روک دی گئی تھی ۔ فوری تقسیم عمل میں لائی جائے ۔ مقامی ایم ایل اے اے سرینواس ریڈی اور عبیداللہ کوتوال نے نمائندگی کی کہ انتخابات میں پارٹی کیلئے محنت کرنے والوں کو عہدوں پر نامزد کیا جائے ۔