محبوب نگر میں قبرستان اراضی پر غیر مجاز قبضہ کی ناکام کوشش

   

محکمہ ریوینو کا مشکوک رویہ‘ قبرستان تحفظ کمیٹی کے ذمہ داروں کی پریس کانفرنس

محبوب نگر۔ 22؍ مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)قلندر شاہ قبرستان تحفظ کمیٹی کے سکریٹری خواجہ فیاض الدین انور پاشاہ ‘ محمد محسن خان کنوینر کل جماعتی مسلم قائدین رابطہ کمیٹی ‘ مرزا قدوس بیگ صدر ضلع مسلم لیگ ‘ تقی حسین تقی جوائنٹ سکریٹری قبرستان کمیٹی حافظ ادریس نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ مستقر کے سب سے قدیم قبرستان قلندر شاہ ولی کی اراضی پر ناجائز قبضوں کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ قلب شہر میں سروے نمبرات 163/64 کے تحت ساڑھے سات ایکر پر موجود ہے کافی عرصہ سے لینڈ گرابر نظریں جمائے ہوئے ہیں اور کئی مرتبہ قبضہ کی کوشش کرچکے ہیں ۔ لیکن وہاں کے مسلمانوں اور قبرستان کمیٹی نے کوششوں کو ناکام بنایا اب پھر سے اس اراضی کو پٹہ اراضی قرار دے کر ملکیت کا دعوی کیا جا رہا ہے اور قبضہ کے حصول کے لئے تحصیلدار کو درخواست دی ہے ۔ تحصیلدار کی نوٹس پر کمیٹی نے جواب داخل کرتے ہوئے واقف کروایا کہ یہ مسلم قبرستان ہے اس کا مقدمہ ہائی کورٹ میں زیر دوران ہے ۔ ایسی اراضی جس پر قبریں موجود ہیں وہ پٹہ اراضی کیسے ہو سکتی ہے ۔ کمیٹی قائدین نے مزید کہا کہ اس کو پٹہ اراضی قرار دینے کے لئے محکمہ ریوینو کے عہدیداران کی دلچسپی سے ان کا رویہ مشکوک ہو رہا ہے کہ لینڈ گرابر کے ساتھ ان کی ملی بھگت تو نہیں ۔ قائدین نے واضح کیا کہ اگر محکمہ مال یکطرفہ کارروائی کرتاہے تو زبردست احتجاج منظم کیا جائے گا ۔