محبوب نگر وگیتاکانچا میں چیتے کی ہلچل ، حفاظتی الرٹ جاری

   

صورتحال پر حکام اور اسکول انتظامیہ کی گہری نظر ، عوام کو احتیاطی اقدامات کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 12 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : محبوب نگر کے وگیتا کانچا میں واقع ریسرچ سنٹر کے حکام نے مبینہ طور پر جمعہ کو احاطے کے اندر دو چیتے کو گھومتے ہوئے دیکھے جانے کے بعد حفاظتی الرٹ جاری کیا ہے ۔ ڈیفنس لیبارٹریز اسکول حکام نے والدین کو ایک فوری طور پر نوٹس روانہ کیا جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو کسی بھی حالت میں اکیلا باہر نہ جانے دیں ۔ اسکول نے تمام والدین سے درخواست کی ہے کہ وہ انتہائی احتیاط سے کام لیں اور اگلی اطلاع ملنے تک چوکس رہیں ۔ دفاعی حکام اور اسکول انتظامیہ نے کہا کہ وہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں ۔ بچوں اور دیگر رہائشیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے احتیاطی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ دریں اثناء ایک تیندوے کی تلاش جاری ہے ۔ خیال کیا جارہا ہے کہ وہ محبوب نگر اربن منڈل میں ویرانا پیٹ کے قریب ڈمپ یارڈ میں پچھلے کچھ دنوں سے آرہا ہے ۔ محبوب نگر کے ضلعی جنگلات کے افسر ستیہ نارائنا نے کہا کہ ڈمپ آوارہ کتوں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے اور امکان ہے کہ تیندوا کتے پکڑنے کے لیے اس مقام پر گیا ہو ۔ افسر نے کہا کہ ابھی تک کسی کو نقصان نہیں پہنچا ہے لیکن اطراف کے تمام علاقوں میں احتیاطی طور پر احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے ۔ اس سلسلہ میں ضلع کلکٹر ، ایس پی اور جنگلات کے افسران نے صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے اور مناسب اقدامات کے لیے ایک اجلاس منعقد کیا ۔ ڈی ایف او ستیہ نارائنا نے بتایا کہ چار دن پہلے گاؤں والوں نے پہاڑی علاقہ میں تیندوے کی نقل و حرکت کی اطلاع دی تھی ۔ تیندوے کو پکڑنے کے لیے چارہ کے ساتھ ٹریپ پنجرہ بھی رکھا گیا اور ساتھ ہی سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے گئے ۔ ضلع کلکٹر کی ہدایات کے مطابق علاقے اور آس پاس کے جنگل میں ڈرون کو اڑایا گیا لیکن فضائی سروے میں تیندوے کا کوئی سراغ نہیں ملا ۔ اطراف کے رہائشوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔۔ ش