محبوب نگر کو عظیم شہر میں تبدیل کرنے کا عزم

   

ترقیاتی کاموں کے افتتاحی پروگرام سے ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کا خطاب
محبوب نگر ۔ شہر محبوب نگر کو زبردست ترقی دیتے ہوئے اور خوبصورت بناتے ہوئے مہانگر میں تبدیل کیا جائے گا ۔ ان عزائم کا اظہار ریاستی وزیر وی سرینواس گوڑ نے چہارشنبہ کی شام مستقر کے کلاک ٹاور پر ایک کروڑ 48 لاکھ کے صرفہ سے نصب کردہ مہاتما گاندھی ، اندرا گاندھی ، ساوتری بائی پھولے ، بال گنگادھر تلک اور شہدائے تلنگانہ کی یادگاروں کا افتتاح کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین کیلئے تحریک چلانے والی ساوتری بائی پھولے ، بحیثیت وزیر اعظم ملک کی خدمت کرنے والی اندرا گاندھی کے مجسموں کو بطور دیاگار نصب کیا گیا جبکہ علحدہ تلنگانہ تحریک کے دوران قربانیاں دینے والے جہد کاروں کی یادگاریں بھی نصب کی گئیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہر محبوب نگر کو ترقی کی بلندیوں پر پہونچایا جائے گا ۔ شہر میں سڑکوں کی تعمیر ، بائی پاس روڈ کی تعمیر ، جنکشن کی تعمیر ، منی ٹینک بینڈ ، نکلیس روڈ ، شلپارائم ، جدید مارکٹس اور بازاروں کی تعمیر مکمل کی گئی ہے ۔ ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ اس موقع پر میونسپل چیرمین نرسمہلو ، ایس پی آر وینکٹیشورلو ، ایڈیشنل کلکٹر ، یتجس نندلال پوار ، عوامی قائدین و دیگر موجود تھے ۔ ریاستی وزیر نے اشوک ٹاکیز چوراستہ پر جاری ڈرین کے کاموں کا معائجنہ بھی کیا ۔