٭عازمین حج کیلئے آج تربیتی اجتماع
٭اسلامک سمر کیمپ کا آغاز
٭کانگریس امیدوار کی انتخابی مہم
محبوب نگر /8 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) محمد عبدالعزیز امیر مقامی جماعت اسلامی ہند محبوب نگر کی اطلاع کے بموجب جماعت اسلامی ہند شہر محبوب نگر کے زیر اہتمام 9 مئی جمعرات بعد عصر تا مغرب مسجد رحیمیہ پدماوتی کالونی محبوب نگر میں عازمین حج محبوب نگر کیلئے حج تربیتی کلاسیس کاانعقاد عمل میں لایا جارہا ہے ۔ ماہر مناسک حج وعمرہ ( ٹرینر ) مولانا سید آصف ندوی قاسمی جنرل سکریٹری لبیک حج سوسائٹی تربیت دیں گے ۔
٭٭ گرلز اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا ( جی آئی او ) کی جانب سے اسلامک سمر کیمپ کا آغاز عمل میں آرہا ہے ۔ یونٹ پریسیڈنٹ نے صحافتی بیان میں بتایا کہ 13 تا 30 سال کی عمر کی طالبات کے اوقات کو بہتر استعمال میں لانے کیلئے یہ کیمپ شروع کیا جارہا ہے ۔ کیمپ کے اوقات صبح 10 تا 2 بجے دوپہر رہیں گے ۔ جس میں طالبات کیلئے قرآن ، حدیث ، فقہ ، صلاحیتوں میں ارتقاء کے عنوانات ، مختلف مقابلے اور انعامات ہوں گے ۔ یہ کیمپ النور ہائی اسکول شاہ صاحب گٹہ میں 15 مئی تا 28 مئی جاری رہے گا ۔ مزیدمعلومات کیلئے 9642170415 پر ربط پیدا کیا جاسکتا ہے ۔
٭٭ اگرچیکہ بحیثیت ہندو کے روزآنہ مندر جاتا ہوں لیکن تمام مذاہب کا حد درجہ احترام میرے سینے میں ہے ۔ ان خیالات کا اظہار حلقہ لوک سبھا محبوب نگر کے کانگریسی امیدوار ومشی چند ریڈی نے کیا ۔ وہ مستقر محبوب نگر پر اپنی انتخابی مہم چلا رہے تھے ۔ ان کے ہمراہ سینئیر کانگریسی قائد و نامور قانون داں این پی وینکٹیش ، میونسپل چیرمین آنند گوڑ و دیگر قائدین تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ سیاست میں قدم رکھے تو والدین ناراض ہوگئے لیکن میری وسچ تھی کہ اگر میں ڈاکٹر بن جاؤں تو چند لوگوں کی خدمت کرسکوں گا لیکن سیاسی قائد کی حیثیت سے ملک کے عوام کی خدمت کرسکتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ حلقہ کے بنیادی مسائل سے واقف ہیں اور ہمیشہ عوام کے درمیان رہیں گے عوام سے راست مسائل اور حالات پر بات کرکے حکومت سے پرزور نمائندگی کرتے ہوئے حل کروالیں گے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔
