محبوبہ مفتی کا سڑک کی تعمیر کی منظوری کافیصلہ واپس لینے کا مطالبہ

   

سری نگر، 25 نومبر (یو این آئی) سابق وزیر اعلیٰ جموں و کشمیر محبوبہ مفتی نے بدھ کے روز عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کے اس مبینہ فیصلے پر سوال اٹھایا ہے ، جس کے تحت شیش ناگ جھیل تک سڑک کی تعمیر کی اجازت دی گئی ہے ۔ انہوں نے اس معاملے میں حکومت سے وضاحت طلب کرتے ہوئے مبینہ طور پر دی گئی منظوری واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ واضح رہے کہ ایک روز قبل حکام نے انہیں شیش ناگ جھیل کی جانب مارچ کرنے سے روک دیا تھا۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں محبوبہ مفتی نے کہا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی کابینہ نے رواں سال 23 جنوری کو بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) کے پروجیکٹ بیکن کے ساتھ مفاہمت نامے (ایم او یو) میں توسیع کرتے ہوئے شیش ناگ تک سڑک کی تعمیر کی منظوری دی تھی۔انہوں نے لکھا کہ یہ بات انتہائی حیران کن ہے کہ 23 جنوری 2026 کو عمر عبداللہ کی قیادت والی کابینہ نے بی آر او کے پروجیکٹ بیکن کے ساتھ مفاہمت نامے میں توسیع کرکے شیش ناگ تک سڑک کی تعمیر کو منظوری دی۔محبوبہ مفتی نے اس اقدام کو خطے کے نازک ماحولیاتی نظام پر حملہ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ تعمیراتی سرگرمیوں سے نہ صرف شیش ناگ کے قدرتی ماحول کو نقصان پہنچ سکتا ہے بلکہ سالانہ امرناتھ یاترا بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ترقی کے نام پر ہمارے نازک ماحولیاتی نظام کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے ، جس سے شیش ناگ کا قدرتی ماحول اور امرناتھ یاترا دونوں خطرات سے دوچار ہوسکتے ہیں۔محبوبہ مفتی نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور محکمہ سیاحت سے مطالبہ کیا کہ وہ بی آر او کے ساتھ کیے گئے مفاہمت نامے اور سڑک کی تعمیر کے لیے دی گئی منظوری کے بارے میں وضاحت پیش کریں۔