محترمہ فریدہ راج کو اردو اکیڈیمی کے کارنامہ حیات کی پیشکش

   

حیدرآباد ۔ 15 ۔ نومبر : ( راست ) : اردو اکیڈیمی تلنگانہ کے زیر اہتمام مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیتوں کو ایوارڈ عطا کئے گئے ۔ اس ضمن میں محترمہ فریدہ راج مصنفہ ، کالم نگار ، مینٹل ہیلتھ کونسلر اور سماجی جہدکار کو اردو کے فروغ کے زمرے میں 11 نومبر کو کارنامہ حیات کے ایوارڈ سے نوازا گیا ۔ ایوارڈ کے تحت مومنٹو ، شال ، توصیف نامہ اور رقم پیش کی گئی ۔ فریدہ راج کا سفر روزنامہ ’ سیاست ‘ کے کالم سے شروع ہوا ۔ اور ’ سیاست ‘ نے انہیں ان کی مخصوص پہچان دی ۔ 2010-2011 میں انہیں اردو میں خواتین کے مسائل پر مضامین لکھنے پر جنوبِ ہند میں لاڈلی میڈیا ایوارڈ دیا گیا تھا ۔ 2017 میں انہیں بیسٹ ٹیچر ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ خواتین میں صحت کے تعلق سے شعور پیدا کرنے کے لیے انہوں نے ’ سیاست ‘ میں ان گنت مضامین اور کتابیں لکھی ہیں ۔ اردو اکیڈیمی تلنگانہ نے ان کی تصنیف ’ ہماری صحت کی ضامن ‘ کو انعام اول دیا تھا ۔ فریدہ راج انگریزی میں بھی لکھتی ہیں ۔ ان کی کتابوں کو کافی مقبولیت حاصل ہے ۔ سیاست میں ان کے مضامین شائع ہوتے ہیں ۔۔