نواڈا۔11 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) محرم جلوس کے دوران بہار کے تین اضلاع نواڈا، بیٹیا اور حاجی پور سے منگل کی شام گڑبڑ ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔ لوگوں کے ایک گروپ نے جو احتجاج کررہے تھے کیوں کہ انہیں محرم کے جلوس کے دوران ڈی جے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ سدبھاونا چوک نواڈا ٹائون میں کل رات احتجاجی مظاہرہ کررہے تھے، لیکن چہارشنبہ کی صبح پولیس نے انہیں منتشر کردیا۔ مبینہ طور پر انہوں نے پٹنہ۔رانچی شاہراہ پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور سڑک پر ٹائرجلاکر ٹریفک کی ناکابندی کردی۔ لیکن ایس ڈی او (صدر) انوپ کمار اور قصبے کے ڈپٹی ایس پی وجئے کمار جھا نے کہا کہ ضلع نواڈا کے انتظامیہ نے محرم کے جلوس میں ڈی جے بجانے پر امتناع عائد کردیا تھا۔ احتجاجی مظاہرین کو پٹنہ ہائی کورٹ کی ہدایت پر عمل کرنا چاہئے۔ تاحال اس سلسلہ میں کوئی گرفتاری عمل نہیں آئی کیوں کہ تیوہار دیگر مقامات پر جاری ہے اور پولیس نہیں چاہتی کہ مختلف طبقات کے ارکان کے درمیان خیرسگالی متاثر ہو۔ ضلع ویشالی میں 5 افراد کو جھڑپ کی وجہ سے گرفتار کرلیا گیا جو بیریگام میں ہوئی تھی۔