حیدرآباد ۔ 2 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : شہر حیدرآباد کو محفوظ اور سہولت بخش شہر بنانے میں سٹی پولیس نے ایک اور پہل کا آغاز کردیا ہے ۔ بادشاہی دور کی یاد تازہ کرتے ہوئے اس دور کی نشانی کو جدید آلات کے استعمال سے سہولت بخش بنایا گیا ہے ۔ زمانہ قدیم میں بازاروں میں ایک ستون سے گھنٹہ ٹنگا ہوتا تھا ۔ جس کو بجا کر عہدیداروں اور کوتوالی سے وابستہ ملازمین کو شہری اپنے مسائل پیش کرتے تھے ۔ اس طرز کی ایک پول اب شہر کے مختلف مقامات پر نصب کیا گیا ہے ۔ ’ سیو اور سول ‘ کے نام سے اس کی ایجاد کی گئی ہے ۔ ایمرجنسی اوقات میں انتہائی اہم مسئلہ پر متاثرین کے لیے یہ مددگار ثابت ہوگا۔ بازاروں میں قیمتی اشیاء کی گمشدگی یا چوری ہوجانے پر اس کی مدد حاصل کی جاسکتی ہے ۔ اہم بات یہ ہے کہ اس آلہ کے لیے کسی سگنل کی ضرورت نہیں ۔ بس اس پول پر لگے بٹن سیو اور سول کو دبانے سے منٹوں میں پولیس آپ کے پاس پہونچ جائے گی ۔ سیو اور سیول کا بٹن دبانے پر پول پر لگا کیمرہ خود بہ خود آن ہوجائے گا اور پولیس کمشنر آفس سے جڑ جائے گا ۔ پولیس کمشنریٹ میں موجودہ سوشیل میڈیا وینگ کے عہدیدار فوری چوکس ہوجاتے ہیں اور فوری متاثرہ شخص کے مقام کا پتہ چل جاتا ہے اور کمانڈ کنٹرول مقامی پولیس کو چوکس کرتا ہے اور پولیس فوری مدد کے لیے پہونچ جاتی ہے ۔ مقامی پولیس کو اس مقام کا جائزہ لے گی اگر بٹن دبانے والا شہری اس مقام پر نہیں پایا جاتا ہے تو آس پاس اس شخص کو تلاش کرے گی ۔ شہر کے اہم مقامات بالخصوص تاریخی مقامات پر بھی اس کی تنصیب کا جائزہ لیا جارہا ہے تاکہ سیاحوں کے علاوہ دیگر مقامات سے شہر آنے والوں کی مدد کی جاسکے ۔ فی الحال اس پول کو کے بی آر پارک ، پی وی این آر مارگ کے علاوہ دیگر مقامات پر نصب کیا گیا ہے ۔ عہدیدار مزید مقامات پر اس کی تنصیب کے لیے جائزہ لے رہے ہیں ۔۔A