محمد اسد اللہ انچارج سی ای او وقف بورڈ مقرر

   

حیدرآباد۔15۔اکٹوبر(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کے محکمہ اقلیتی بہبود نے تلنگانہ وقف بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کے عہدہ پر محمد اسداللہ کو’’ہنگامی حالات‘‘ میں انچارج کے طور پر تقرر کرنے کے احکام رات دیر گئے جاری کئے ۔ اسپیشل سیکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود جناب بی شفیع اللہ آئی ایف ایس کی جانب سے جی او آر ٹی 96 جاری کرتے ہوئے اسداللہ کی تقرری کے احکام جاری کئے گئے۔ گذشتہ دنوں تلنگانہ ہائی کورٹ میں وقف بورڈ سے متعلق مقدمہ کی سماعت کے دوران جسٹس انیل کمار جوکنٹی نے سی ای او کے عہدہ پر تقرر نہ کرنے کی صورت میں چیف سکریٹری حکومت تلنگانہ کو حاضر عدالت ہونے کی ہدایت دی تھی ۔ حکومت تلنگانہ پر عدالت کی برہمی کے بعد جاری کئے گئے ان احکامات کے سلسلہ میں یہ دعویٰ کیا جا رہاہے کہ WA 860/2025 میں تلنگانہ ہائی کورٹ کی جانب سے محمد اسداللہ کی ان کے محکمہ کو واپسی کے سلسلہ میں جاری کئے گئے احکامات کو کالعدم قرار دینے کی بنیاد پر انہیں واپس لایا گیا ہے جبکہ جی او آرٹی 96 میں محکمہ اقلیتی بہبود نے ایسا کوئی تذکرہ نہیں کیا اور نہ ہی اسداللہ کی خدمات واپس محکمہ اقلیتی بہبود کو حاصل کرنے کے معاملہ میں کوئی اقدامات کئے گئے ہیں۔ تلنگانہ وقف بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کے عہدہ پر محمد اسداللہ ایڈیشنل کلکٹر کو مجبوری کے تحت انچارج کے طور پر تاحکم ثانی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے ۔3