محمد اظہرالدین نے قلمدان کا جائزہ حاصل کرلیا

,

   

بھٹی وکرامارکا، مہیش کمار گوڑ اور ریاستی وزراء کی مبارکباد
حیدرآباد 10 نومبر (سیاست نیوز) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہرالدین نے سکریٹریٹ میں وزیر اقلیتی بہبود و پبلک انٹرپرائزز کے قلمدان کی ذمہ داری سنبھال لی۔ سکریٹریٹ کی پہلی منزل پر الاٹ کردہ چیمبر میں اظہرالدین نے جائزہ حاصل کیا۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے دعا کی اور اقلیتی بہبود کے لئے محمد اظہرالدین سے نیک تمنائیں وابستہ کیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ، ریاستی وزراء پونم پربھاکر، وی سری ہری، اتم کمار ریڈی، اے لکشمن کمار، رکن اسمبلی پدماوتی ریڈی، صدرنشین ٹمریز فہیم قریشی، صدرنشین وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی، سکریٹری اقلیتی بہبود بی شفیع اللہ اور دوسروں نے اظہرالدین کو وزارت کی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ اقلیتی اداروں کے اعلیٰ عہدیداروں نے بھی اظہرالدین کو مبارکباد پیش کی۔ اِس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اظہرالدین نے کہاکہ کابینہ میں شمولیت اُن کے لئے خوشی کا لمحہ ہے۔ کرکٹ کے میدان میں اُنھوں نے سوچا نہیں تھا کہ سیاست میں قدم رکھیں گے۔ وزارت میں شمولیت اور ذمہ داری سنبھالنا زندگی کا دوسرا اہم موڑ ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ 2009ء میں پہلی مرتبہ سیاست میں قدم رکھا اور اندرون 9 مرادآباد سے لوک سبھا کے لئے منتخب ہوئے تھے۔ اظہرالدین نے کہاکہ والدین کی دعائیں ہمیشہ اُن کے ساتھ رہی ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ اقلیتی بہبود کے لئے وہ پوری سنجیدگی کے ساتھ کام کریں گے اور تمام زیرالتواء اُمور کی یکسوئی کریں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ اقلیتی بہبود کی اسکیمات پر مؤثر عمل آوری اُن کی اوّلین ترجیح رہے گی۔ اظہرالدین نے اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے محکمہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اُنھوں نے کانگریس ہائی کمان ملکارجن کھرگے، راہول گاندھی، سونیا گاندھی، پرینکا گاندھی اور چیف منسٹر ریونت ریڈی سے اظہار تشکر کیا۔1