حیدرآباد 4 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کابینہ میں شمولیت کے 4 دن بعد محمد اظہرالدین کو اقلیتی بہبود اور پبلک انٹرپرائزس کا قلمدان الاٹ کیا گیا۔ چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ نے جی او ایم ایس 217 جاری کیا۔ محمد اظہرالدین کو 31 اکٹوبر کو وزیر کی حیثیت سے حلف دلایا گیا تھا جس کے بعد سے اُن کے قلمدان پر میڈیا میں مختلف اطلاعات گشت کررہی تھیں۔ گورنر جشنو دیو ورما کی منظوری کے بعد چیف سکریٹری نے قلمدان کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ اقلیتی بہبود کا قلمدان اے لکشمن کمار کے پاس تھا جسے محمد اظہرالدین کو دیا گیا ۔ پبلک انٹرپرائزس کا قلمدان چیف منسٹر کے پاس تھا جسے اظہرالدین کو تفویض کیا گیا۔ لکشمن کمار ایس سی اور ایس ٹی طبقات کی بھلائی کے وزیر رہیں گے۔ اظہرالدین کی کابینہ میں شمولیت کے بعد کہا جارہا تھا کہ اُنھیں اقلیتی بہبود کے علاوہ اسپورٹس اور یوتھ سرویسس کا قلمدان دیا جائے گا ۔ اسپورٹس اور یوتھ سرویسس کا قلمدان وی سری ہری کے پاس ہے ۔ اظہرالدین کی وزارت داخلہ کی کوشش سے متعلق اطلاعات تھیںتاہم اقلیتی بہبود و پبلک انٹرپرائزس کا قلمدان دیا گیا ۔1