محمد انس نے کیا عالمی چمپئن شپ کیلئے کوالیفائی، ھما نے لگائی طلائی ہیٹ ٹرک

   

نئی دہلی۔14 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) محمد انس نے چیک جمہوریہ میں جاری کلاڈنو ایتھلیٹکس چمپئن شپ کے مرد 400 میٹر مقابلے میں اپنے قومی ریکارڈ کو بہتر کرتے ہوئے طلائی تمغہ جیتا اور عالمی چیمپئن شپ کے لئے کوالیفائی کیا جبکہ خواتین کی 200 میٹر مقابلے میں ھما داس نے دو ہفتوں سے بھی کم وقت میں تیسرا طلائی تمغہ حاصل کیا۔24 سال کے انس نے ہفتہ کی رات 45.21 سیکنڈ کے وقت کے ساتھ پہلا مقام حاصل کیا وہ پولینڈ کے سلور میڈلسٹ اومیلکو رفال (4619) سے ایک سیکنڈ آگے رہے ۔انس نے گزشتہ سال 45.24 سیکنڈ کے قومی ریکارڈ بنایا تھا، انہوں نے اسے توڑتے ہوئے 27 ستمبر سے چھ اکتوبر کے درمیان دوحہ میں چلنے والی عالمی ایتھلیٹکس چمپئن شپ کے لیے کوالیفائی کیا ۔ مردوں کی 400 میٹر ریس کے لیے عالمی چمپئن شپ کوالیفائنگ وقت 45.30 سیکنڈ کا تھا۔ ہندستان کی اسٹار ایتھلیٹ ھما داس نے اپنا جیت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ہفتہ کو جمہوریہ چیک میں کلاڈنو میموریل ایتھلیٹکس میٹ میں 200 میٹر دوڑ میں پہلا مقام حاصل کر طلائی تمغہ جیت لیا ہے ۔ھما کا دو ہفتوں کے اندر یہ مسلسل تیسرا طلائی تمغہ ہے ۔ اس سے پہلے انہوں نے پولینڈ میں کتنو ایتھلیٹکس میٹ اور پوجنان گرانڈ پری میں 200 میٹر کی دوڑ میں طلائی تمغہ جیتے تھے ۔ھما نے گزشتہ 2 جولائی کو پوجنان ایتھلیٹکس گرانڈ پری میں 23.65 سیکنڈ میں دوڑ مکمل کی تھی جبکہ 8 جولائی کو کتنو میٹ میں انہوں نے 23.97 سیکنڈ کا وقت لیا تھا۔ انہوں نے کلاڈنو میٹ میں اپنے وقت میں سدھار کیا۔عالمی جونیئر چمپئن ھما کے کریر کا ذاتی بہترین نجی وقت 23.10 سیکنڈ ہے جسے انہوں نے گزشتہ سال نکالا تھا۔ حالانکہ اس کے بعد ہی وہ واپسی کے لئے جدوجہد کر رہی تھیں لیکن گزشتہ دو ہفتوں میں انہوں نے ٹریک پر شاندار واپسی کی ہے ۔