یوکرینی صدر زیلنسکی اور انڈونیشیا کے صدر سے ملاقات
ریاض: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے حج کی وجہ سے اٹلی میں ہونے والی جی 7 سمٹ میں جانے سے معذرت کرلی۔جی 7 گروپ اقتصادی فورم ہے جس میں کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان، برطانیہ اور امریکا شامل ہیں، گروپ کا اجلاس اٹلی میں کل سے ہوگا جس میں سعودی ولی عہد نے بھی شرکت کرنا تھی۔سعودی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ اٹلی میں جمعہ سے شروع ہونے والی جی 7 سمٹ میں محمد بن سلمان شرکت نہیں کریں گے۔سعودی حکومت کے مطابق سعودی ولی عہد 14 جون سے شروع ہونے والے حج سیزن کی وجہ سے سمٹ میں اپنی شرکت کو ممکن نہیں بنا سکیں گے جس کیلئے محمد بن سلمان نے اطالوی وزیر اعظم جارجیا میلونی سے معذرت بھی کرلی ہے۔سعودی حکومت کے مطابق اس سال حج کیلئے دنیا بھر سے 15 لاکھ سے زائد عازمین حج ادا کریں گے۔دریں اثنائدورہ سعودی عرب پر آئے ہوئے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے سعودی ولی عہد اور وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے۔سعودی میڈیا کے مطابق ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور یوکرین کی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سعودی میڈیا کے مطابق ملاقات میں سعودی ولی عہد نے یوکرین میں جاری بحران کے حل کے لیے تمام بین الاقوامی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر بحران کے نتیجے میں لوگوں پر پڑنے والے اثرات کو کم کرنے کے طریقوں پر بھی بات چیت کی گئی۔سعودی میڈیا کے مطابق یوکرینی صدر نے دورہ سعودی عرب اور سعودی ولی عہد سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کیا۔دریں اثناء محمد بن سلمان سے انڈونیشیا کے نو منتخب صدر اور وزیر دفاع پرابوو سوبیانتو نے جدہ میں ملاقات کی اور دونوں برادر ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔ ملاقات کے دوران مختلف شعبوں میں تعاون کے پہلوئوں اور ترقی کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔علاوہ ازیں موجودہ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال اور اس حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر بھی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بھی موجود تھے۔
