پادریوں کی مجلس ( سائناڈ) کیلئے پہلی بار خاتون انڈر سکریٹری کا تقرر، مجلس میں خواتین کو ووٹنگ کا بھی حق
وٹیکن سٹی : کہتے ہیں جب انقلاب آتا ہے تو اُس کی لپیٹ میں سب آجاتے ہیں اور اس میں مذاہب کی بھی کوئی قید نہیں رہتی ۔ اب تک مذہب اسلام میں آنے والے تغیرات پر لوگ بحث کرتے نظر آئے تھے اور یہ بھی کہا جارہا ہے کہ سعودی عرب کے ولیعہد محمد بن سلمان مملکت کو ایک ایسی جانب لے جارہے ہیں جہاں ترقی کے نام پر اسلامی اقدار کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں ۔ کیونکہ عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس نے بھی روایت سے بغاوت کرتے ہوئے پادریوں ( بشپس) کی ایک مجلس ( سائناڈ) میں انڈر سکریٹری کے فرائض انجام دینے کیلئے ایک خاتون کی تقرری کی ہے جو اپنی نوعیت کی پہلی تقرری ہے جہاں خواتین کو مذکورہ مجلس ( سائناڈ) میں رائے دہی کا اختیار بھی حاصل ہوگا ۔ یہ ایک ایسی مجلس ہے جہاں کیتھولک عقیدہ سے متعلق مختلف سوالات پر غور کیا جاتا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق مذکورہ مجلس کیلئے جن دو انڈر سکریٹریز کا تقرر عمل میں آیا ہے ان میں فرانسیسی خاتون نتھال بیکارٹ بھی شامل ہیں ۔ قبل ازیں موصوفہ 2019ء سے اس مجلس میں کنسلٹنٹ کے فرائض انجام دے رہی تھیں ۔ دریں اثناء اس مجلس کے سکریٹری جنرل کارڈینل ماریوگریش نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خاتون کی تقرری چرچ کی اُس تبدیلی کی جانب اشارہ کرتی ہے جہاں چرچ میں اہم فیصلوں کیلئے خواتین کی حصہ داری کو بھی اہمیت دیئے جانے کی خواہش برسوں سے ظاہر کی جارہی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ اب اس مجلس میں ماضی کے مقابلے خواتین کی تعداد میں اضافہ کیا جارہا ہے ۔ سسٹر نتھالی بیکارٹ کی تقرری نے مجلس میں حصہ لینے اور رائے دہی میں خواتین کیلئے دروازے کھول دیئے ہیں ۔ قبل ازیں سماعت کرنے والی اور ماہرین کے طور پر خواتین کی تعداد بہت کم ہوا کرتی تھی ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی دلچسپ ہوگا کہ مذہبی مجلس ( سائناڈ) کی قیادت بشپس اور کارڈ نیسلز کرتے ہیں جنہیں رائے دہی کا حق حاصل ہے ۔ علاوہ ازیں ماہرین کا بھی ایک پیانل ہوتا ہے جنہیں ووٹنگ کا حق حاصل نہیں ہوئی ۔ اب اس مجلس ( سائناڈ) کا آئندہ اجلاس 2022ء کے موسم خزاں میں منعقد شدنی ہے ۔2019ء میں امیزن پر خصوصی سائناڈ کا انعقاد عمل میں آیا تھا جہاں 35 خاتون آڈیٹرس کو مدعو کیا گیا تھا لیکن کوئی بھی ووٹ نہیں دے سکا ۔ پوپ فرانسس جن کی پیدائش ارجنٹینا میں ہوئی تھی ، اب کیتھولک چرچ میں اصلاحات متعارف کرنے کا ذہن بناچکے ہیں ، جہاں وہ سائناڈ میں خواتین اور عام آدمی کے عمل دخل کو یقینی بنانا چاہتے ہیں ۔ نتھالی بیکارٹ کے علاوہ دوسری انڈر سکریٹری خاتون اسپین کی موئی مارٹن ڈی سان مارٹن ہیں ۔