محمد رضوان نے مکہ مکرمہ میں صفائی بھی کی

   

مکہ مکرمہ : پاکستان کے وکٹ کیپر بیاٹر محمد رضوان اِن دنوں سرخیوں میں ہیں۔ کرکٹ کے موضوع سے الگ رضوان کا سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہا ہے جسے دیکھ کر لوگ ان کی تعریفیں کرنے سے خود کو نہیں روک پا رہے ہیں۔ اس سے پہلے بھی رضوان کا ایک ویڈیو وائرل ہوا تھا جس میں وہ امریکہ کے بوسٹن شہر میں سڑک کنارے گاڑی روک کر نماز پڑھتے نظر آئے تھے۔ اب رضوان مکہ میں ہیں ، جہاں وہ ایک ویڈیو میں صفائی کرتے نظر آرہے ہیں۔ آٹھ سکنڈ کے ویڈیو میں رضوان مکہ میں مسجد کے اندر ہاتھ میں وائپر لئے صفائی کرتے نظر آرہے ہیں۔ ان کے آس پاس نیلے کپڑوں میں صفائی اہلکار بھی کھڑے ہوئے ہیں، جو وہاں کا اسٹاف ہے۔ اس سے پہلے وہ میڈیا اور کھیلوں کے حوالے سے ایک سمینار میں شرکت کیلئے بوسٹن گئے تھے۔ اس وقت ٹیم کے کپتان بابر اعظم بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔ محمد رضوان پاکستان کے باصلاحیت کھلاڑیوں میں سے ہیں۔ انہوں نے اپنی شاندار اننگر کے دم پر پاکستان کو کئی میچوں میں یادگار جیت دلائی ہے۔ پاکستان کے بہت سے کھلاڑی اس وقت کرکٹ سے دور گھر پر ہیں جبکہ کئی دیگر کھلاڑی ٹی ٹوئنٹی لیگز میں کھیل رہے ہیں۔
رضوان کا کرکٹ کیریئر بیک نظر
دائیں ہاتھ کے 31 سالہ بلے باز محمد رضوان پاکستان کیلئے اب تک 27 ٹسٹ، 57 ونڈے اور 85 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیل چکے ہیں۔ انہوں نے ٹسٹ کرکٹ میں 2 سنچریوں اور 7 نصف سنچریوں کی مدد سے 1373 رنز بنائے ہیں جبکہ ونڈے میں رضوان نے 2 سنچریوں اور 9 نصف سنچریوں کی مدد سے 1408 رنز بنائے ہیں۔ محمد رضوان کا ٹی ٹوئنٹی کرئیر بھی شاندار رہا ہے۔ انہوں نے 1 سنچری اور 25 نصف سنچریوں کی مدد سے 2797 رنز بنائے ہیں۔ مختصر فارمٹ کے کئی مقابلوں میں وہ اوپنر کی حیثیت سے فیصلہ کن اننگز کھیل چکے ہیں۔