سڈنی ۔ 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف ونڈے سیریز کیلئے معلنہ ہندوستانی ٹیم نے حیدرآبادی فاسٹ بولر محمد سراج کو حالیہ اختتام پذیر ٹسٹ سیریز کے کامیاب ترین فاسٹ بولر جسپریت بمرا کے مقام پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ ان کے ساتھ فاسٹ بولنگ شعبہ میں سینئر بولر محمد سمیع اور خلیل احمد بھی شامل ہیں۔ بی سی سی آئی کی جانب سے کہا گیا ہیکہ جسپریت بمرا نے آسٹریلیا کے خلاف حالیہ اختتام پذیر ٹسٹ سیریز میں میزبان اسپنر نیتھن لیون (242.1 اوورس) کے بعد جسپریت بمرا نے سب سے زیادہ (157.1 اوورس) ڈالے ہیں۔ لہٰذا انہیں آرام دینے کی غرض اور فبروری میں آسٹریلیا کی میزبانی میں کھیلی جانے والی ونڈے سیریز کیلئے دوبارہ شامل کرنے کیلئے آرام دیا گیا ہے۔ دوسری جانب ان کے مقام پر شامل کئے گئے محمد سراج جنہیں ہنوز ونڈے میں ہندوستانی ٹیم کی نمائندگی کرنا ہے وہ آخری مرتبہ مارچ 2018ء میں سری لنکا کے خلاف ٹوئنٹی 20 مقابلہ کھیلا ہے لیکن جولائی سے ان کے سرخ گیند سے مظاہرے انتہائی شاندار ہے۔ 8 میچوں کے دوران انہوں نے 18.04 کی اوسط سے 47 وکٹیں حاصل کی ہیں جس میں تین مرتبہ پانچ وکٹوں کا حصول بھی شامل ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف انڈیا اے کی نمائندگی کرتے ہوئے 134 رنز کے عوض 7 وکٹیں اور پھر بنگلور میں جنوبی افریقہ کے خلاف اے مقابلہ میں 14 وکٹیں بھی قابل ذکر ہیں۔ آسٹریلیا اے کے خلاف بھی انہوں نے 136 رنز کے عوض 11 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ حالیہ دنوں میں نیوزی لینڈ کے دورہ پر ہندوستان اے ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے انہوں نے تین مقابلوں میں 7 وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ رانجی ٹرافی کے آخری مقابلہ میں پنجاب کے خلاف انہوں نے 74 رنز کے عوض تین اور 71 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کی ہیں۔