محمد سمیع کی شاندار بولنگ ، بنگلہ دیش 150 رنز پر ڈھیر

,

   

اندورن ۔ 14 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی فاسٹ بولر محمد سمیع کی قیادت میں دیگر بولروں میں بھی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہاں بنگلہ دیش کے خلاف شروع ہوئے پہلے ٹسٹ کے پہلے ہی دن مہمان ٹیم کو 150 رنز پر ڈھیر کرنے کے بعد دن کے اختتام پر میزبان ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر 86 رنز اسکور کرلئے ہیں۔ بنگلہ دیش جس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن اندور کی وکٹ پر ابتدائی لمحات میں فاسٹ بولروں کو ملنے والی مدد کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے میزبان بولروں نے حریف ٹیم کو بہتر شروعات کرنے نہیں دیا اور ایک موقع پر 115 رنز کے مجموعی اسکور پر اس کے 5 وکٹ پویلین لوٹ چکے تھے۔ تاہم مڈل آرڈر میں تجربہ کار اور سابق کپتان مشفق الرحیم نے 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 43 رنز اور وکٹ کیپر بیٹسمین لیٹن داس نے 21 رنز بنائے۔ ان دو کھلاڑیوں نے ٹیم کو ابتدائی نقصانات سے باہر نکالنے کی کوشش کی لیکن اس موقع پر محمد سمیع نے تجربہ کار بیٹسمین مشفق الرحیم کو بولڈ کرتے ہوئے ٹیم کو اہم کامیابی دلوائی۔ دیگر بیٹسمینوں میں کپتان مومن الحق نے 6 چوکوں کی مدد سے 37 رنز بنائے۔ ہندوستان کیلئے محمد سمیع کامیاب بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 13 اوورس میں 27 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ دیگر بولروں میں ایشانت شرما نے 20 رنز، اومیش یادو 47 رنز اور روی چندرن اشون 43 رنز کے عوض فی کس 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ دن کے اختتام پر پجارا (43) اور اگروال (37) وکٹ پر موجود تھے۔ روہت 6 رنز بنائے۔