ہیملٹن 15 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی فاسٹ بولر محمد سمیع اور جسپریت بمراہ کے علاوہ ٹسٹ فاسٹ بولر اومیش یادو کی شاندار بولنگ کی بدولت ہندوستانی ٹیم نے نیوزی لینڈ الیون کے خلاف یہاں کھیلے جارہے تین روزہ وارم اپ مقابلہ کے دوسرے دن میزبان ٹیم کو 74.2 اوورس میں 235 پر آل آؤٹ کرتے ہوئے سبقت حاصل کرلی ہے۔ محمد سمیع نے فاسٹ بولنگ شعبہ کی شاندار قیادت کرتے ہوئے 10 اوورس میں 17 رنز دے کر 3 وکٹ حاصل کئے جبکہ ونڈے سیریز میں وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہنے والے بومرا نے وکٹ سے ملنے والی مدد کا بھرپور فائدہ اُٹھاتے ہوئے 11 اوورس میں 18 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ علاوہ ازیں اومیش یادو نے 13 اوورس میں 49 رنز اور نودیپ سینی نے 15 اوورس میں 58 رنز دے کر فی کس 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دن کے اختتام پر جب وکٹ بیاٹنگ کے لئے کسی قدر سازگار ہوگئی تو پرتھیو شا اور مینک اگروال نے 7 اوورس میں جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 59 رنز اسکور کرلئے۔ بہترین شروعات کی وجہ سے ہندوستان کو اِس مقابلہ میں مجموعی طور پر 87 رنز کی سبقت حاصل ہوچکی ہے۔ اگروال نے 17 گیندوں میں 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 23 رنز اسکور کئے جبکہ شا نے 25 گیندوں میں 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل تسخیر 35 رنز بنائے۔ پہلی اننگز میں کامیاب بولنگ کرنے والے میزبان بولر اسکاٹ کوگلیجن کو 3 اوورس میں 34 رنز کی پٹائی برداشت کرنی پڑی۔ آئندہ ہفتہ شروع ہونے والے پہلے ٹسٹ سے قبل ہندوستانی اوپنرس اور فاسٹ بولروں کے لئے یہ مقابلہ اہمیت کا حامل ہے ۔
