حیدرآباد ۔12 ۔ فروری (سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے تلنگانہ اور اتراکھنڈ کیلئے میناریٹی ڈپارٹمنٹ کے نئے صدور نشین کا تقرر کیا ہے ۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی کے سی وینو گوپال نے پریس ریلیز جاری کیا جس کے مطابق صدر آل انڈیا کانگریس کمیٹی ملکارجن کھرگے نے تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مینارٹیز ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین کے طور پر محمد عرفان علی اور اتراکھنڈ میناریٹی ڈپارٹمنٹ کے لئے حاجی سلیمان انصاری کو صدرنشین مقرر کیا ہے۔ تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات سے قبل شیخ عبداللہ سہیل کے استعفیٰ کے بعد سے یہ عہدہ خالی تھا۔ حکومت کی تشکیل کے بعد دو برسوں میں پارٹی کے کئی اقلیتی قائدین نے اس عہدہ کیلئے اپنی دعویداری پیش کی۔ نظام آباد ضلع سے تعلق رکھنے والے محمد عرفان علی کا اے آئی سی سی نے تقرر کیا ہے۔ عرفان علی نے صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ سے ملاقات کی اور تقرر پر اظہار تشکر کیا۔ عرفان علی نے صدر کانگریس ملکارجن کھرگے اور چیف منسٹر ریونت ریڈی سے بھی اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے پارٹی کو اقلیتوں میں مستحکم کرنے کا عزم ظاہر کیا۔1