چیف منسٹر کے سی آر کو کاماریڈی میں قدم رکھنے کا چیلنج ، ان کی زندگی اور موت کاماریڈی سے جڑی رہنے کا دعویٰ
حیدرآباد ۔ 23 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے سینئیر قائد سابق وزیر محمد علی شبیر نے اسمبلی حلقہ تبدیل کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی سچائی نہیں ہے ۔ بی آر ایس کے چند قائدین میرے خلاف جھوٹی اور من گھڑت تشہیر کررہے ہیں وہ میدان چھوڑ کر بھاگنے والوں میں سے نہیں ہے ۔ پیدا بھی کاماریڈی میں ہوئے اور آخری سانس بھی کاماریڈی میں لیں گے ۔ انہوں نے کاماریڈی میں قدم رکھنے کا چیف منسٹر کے سی آر کو چیلنج کیا ۔ گذشتہ چند دنوں سے ان کے اسمبلی حلقہ کاماریڈی سے مقابلہ نہ کرنے اسمبلی حلقہ یلاریڈی سے مقابلہ کرنے کے بارے میں افواہیں گشت کررہی ہیں ۔ چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے اسمبلی حلقہ کاماریڈی میں مقابلہ کرنے کے بعد محمد علی شبیر حلقہ تبدیل کرنے پر غور کرنے کی خبریں آرہی تھی جس میں کوئی سچائی نہیں ہے ۔ محمد علی شبیر کی وضاحت کے بعد ابھی تک جو افواہیں چل رہی تھی ۔ اس پر فل اسٹاپ لگ گیا ہے ۔ محمد علی شبیر نے آج ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اسمبلی حلقہ کاماریڈی کی عوام پر مکمل بھروسہ ہے۔ کامیابی اور شکست ان کے لیے کوئی معنی نہیں رکھتی ۔ یہ سیاست کا حصہ ہے وہ کامیاب ہو یا شکست سے دوچار ہوں ہمیشہ عوام کے درمیان رہنے کو ترجیح دی ہے۔ ہمیشہ عوامی مسائل کو اٹھاتے رہے ہیں اور آئندہ بھی اٹھاتے رہیں گے ۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ سیاسی مفاد پرستی کی خاطر چیف منسٹر کے سی آر اسمبلی حلقہ کاماریڈی سے بھی مقابلہ کررہے ہیں مگر یہ فیصلہ ان کے لیے مہنگا ثابت ہوگا وہ حلقہ اسمبلی کاماریڈی سے مقابلہ کریں گے اور چیف منسٹر کے سی آر کو شکست بھی دیں گے ، چیف منسٹر کے سی آر کا اسمبلی حلقہ کاماریڈی میں خیر مقدم ہے ۔ دونوں عوام کے درمیان پہونچ گئے ۔ چیف منسٹر کے سی آر اپنی ایمانداری کا ثبوت پیش کریں وہ اپنی ایمانداری کا ثبوت پیش کریں گے ۔ اصولوں کی جنگ میں کاماریڈی کے عوام ہی فیصلہ کریں گے ۔۔ ن