اسٹڈی سرکل تعمیر ملت کے جلسہ تعزیت سے مقررین کا خطاب
حیدرآباد ۔ 26 ۔ جون : ( پریس نوٹ) : مصر کے پہلے منتخب عوامی صدر ڈاکٹر محمد مرسی ان کے خلاف جاری مقدمہ کی سماعت کے دوران کمرہ عدالت میں بیان دینے کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے گر کر انتقال کر گئے ۔ لیکن انہوں نے ایک ایسی تاریخ رقم کی ہے جو ظالموں کے ظلم کے خاتمہ اور مظلوموں کی سربلندی کا اظہار کرتی ہیں ۔ محمد مرسی کی مہم کے بعد عوامی دباؤ کے آگے سر جھکاتے ہوئے مصری فوج نے اقتدار ان کے حوالے تو کردیا لیکن ان کو بے دخل کرنے اور اسلام پسند قوتوں کو ہزیمت سے دوچار کرنے کی سازشیں جاری رہیں ۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے کل ہند مجلس تعمیر ملت کے اسٹڈی سرکل کے زیر اہتمام گلشن خلیل میں منعقدہ جلسہ تعزیت میں کیا ۔ جس کی صدارت نائب صدر تنظیم جناب محمد ضیا الدین نیر نے کی ۔ حافظ و قاری محمد تفسیر حسین کی قرات کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا ۔ ڈاکٹر طلحہ فیاض الدین ( ایس آئی او ) نے کہا کہ ڈاکٹر مرسی نے بمشکل ایک سال حکومت کی ۔ جناب محمد وہاج الدین صدیقی معتمد عمومی تعمیر ملت نے کہا کہ مصر کی سرزمین پر برسوں سے معرکہ حق و باطل جاری ہے ۔ صدر جلسہ جناب محمد ضیا الدین نیر نے کہا کہ ہم سب جو اللہ کی راہ میں جدوجہد کررہے ہیں ، محمد مرسی کو ان کی شہادت پر سلام کرتے ہیں اور ان کی بلندی درجات کی دعا کرتے ہیں ۔ ان کے غمزدہ والد نے اس حکم کے ساتھ ان کی نعش قبول کی کہ دو گھنٹے میں تدفین ہوجائے ، شہید کے والد ، پھوپی ، بہن اور چھوٹے لڑکے نے جنازہ قبرستان پہنچایا اس طرح وہ اس دنیوی عدالت سے اُخروی عدالت میں پہنچ گئے ۔۔
