محمد معز مالدیپ کے نئے صدر

   

مالے : محمد معز نے جمعہ کے روز دارالحکومت مالے میں منعقدہ باوقار تقریب میں مالدیپ کے 8ویں صدر کے طور پر حلف لیا۔ صدر کے دفتر نے یہ اطلاع دی ہے ۔ محمد معز نے ریپبلک اسکوائر پر منعقدہ مجلس عامہ کے خصوصی اجلاس میں اپنے عہدے کا حلف لیا۔ محمد معزو نے حلف لینے کے بعد حلف نامے پر دستخط کیے ۔ حلف نامہ پر چیف جسٹس احمد معتصم عدنان اور اسپیکر پارلیمنٹ محمد اسلم نے بطور گواہ دستخط کیے ۔ اپنے افتتاحی خطاب میں نئے صدر نے مالدیپ کے شہریوں کے مفادات کو ترجیح دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہمسایہ اور دور دراز ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے مالدیپ کی خارجہ پالیسی کے لیے اپنے وژن کی وضاحت کی۔ صدر نے اعلان کیا کہ ان کی انتظامیہ سیاحتی صنعت کو زیادہ ترجیح دے گی اور حکومت سیاحت کی صنعت کے انتظام اور ترقی کیلئے نئے طریقہ وضع کرے گی۔ صدر کی تقریر میں معیشت، تعلیم، نوجوانوں کی ترقی، خواتین کے حقوق اور ہاؤسنگ پالیسی سمیت متعدد موضوعات کا احاطہ کیا گیا۔ تقریب میں نائب صدر حسین محمد لطیف نے بھی اپنے عہدے کا حلف لیا۔