محمود اللہ کورونا سے متاثر

   

ڈھاکہ : کورونا وائرس کی وجہ سے پچھلے آٹھ ماہ میں کرکٹ کو بہت نقصان اٹھانا پڑا ہے تاہم کرکٹ کی واپسی کا عمل کچھ عرصے سے شروع ہوگیا ہے لیکن بنگلہ دیشی کھلاڑی کوویڈ 19 کے نشانے پر آرہے ہیں۔ بنگلہ دیش ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمود اللہ کو جانچ میں کوویڈ 19 مثبت پایا گیا ہے ۔آل راؤنڈر اس وقت اپنے گھر میں آئسولیشن میں ہیں۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے کرکبز ویب سائٹ سے تصدیق کی ہے کہ وہ پاکستان سپر لیگ پلے آف میں حصہ نہیں لے سکیں گے ۔پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن میں محمود اللہ اور تمیم اقبال کو پلے آف میں کھیلنا تھا جو 14 نومبر سے 17 نومبر تک شروع ہوگا۔ ملتان سلطانز نے معین علی کی جگہ محمود اللہ کو ٹیم میں شامل کیا تھا جبکہ تمیم کی جگہ لاہور قلندرز نے کرس لین کو شامل کیا۔ یہ ٹورنامنٹ فروری تا مارچ میں کھیلا گیا تھا لیکن کوویڈ۔19 کی وجہ سے لیگ مرحلے کے بعد روک دیا گیا تھا۔ اب اس کے پلے آف میچ اور فائنل نومبر میں ہوں گے ۔واضح رہے کہ تمیم اقبال کوویڈ 19 کا پہلے ہی نشانہ بن چکے ہیں۔ بنگلہ دیش نے گزشتہ ماہ اپنے کھلاڑیوں کے لئے ایک تربیتی کیمپ طلب کیا تھا ، لیکن کچھ کھلاڑیوں کو کوویڈ 19 مثبت پایا گیا تھا۔خیال رہے کہ عالمگیر وبا کورونا وائرس کے باعث ملتوی ہونے والے پی ایس ایل سیزن فائیو کے چاروں بقیہ میچ 14، 15 اور 17 نومبر کو کراچی میں کھیلے جائیں گے۔