محمود علی و دیگر نے گنیش جلوس کا فضائی معائنہ کیا

   

حیدرآباد ۔ /19 ستمبر (سیاست نیوز) وزیر داخلہ جناب محمود علی نے ٹی سرینواس یادو وزیر انیمل ہسبنڈری و اعلیٰ پولیس عہدیداروں کے ہمراہ مرکزی گنیش وسرجن جلوس کا فضائی معائنہ کیا ۔ ہیلی کاپٹر میں بالاپور کے علاوہ وسرجن جلوس کے تمام مقامات کا فضائی جائزہ لیا گیا ۔ حسین ساگر جھیل جو وسرجن کا مرکز ہے پر بھی فضائی دورہ کے ذریعہ راست تفصیل حاصل کی گئی اور جناب محمود علی نے وسرجن کو جلد از جلد مکمل کرنے پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ فضائی معائنہ کے دوران وزیر داخلہ نے ڈائرکٹر جنرل پولیس مہندر ریڈی اور پولیس کمشنر انجنی کمار سے وسرجن جلوس کی پیشرفت اور دیگر تفصیلات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ۔ خیرت آباد گنیش کا وسرجن بھی قبل از وقت مکمل کیا گیا ۔ اس دوران وزیر داخلہ اور دیگر عہدیداروں نے معائنہ کیا ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ تشکیل تلنگانہ کے بعد سے پرامن طورپر مرکزی گنیش وسرجن جلوس کے انعقاد کیلئے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے کئی اقدامات کئے ہیں جس میں پولیس کے وسیع ترین انتظامات اور بھکتوں کیلئے سہولیات شامل ہیں ۔