ڈائرکٹر آیوش کا اقلیتی کمیشن کو مکتوب، محکمہ جات میں 4 فیصد تحفظات کیلئے مساعی
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جنوری (سیاست نیوز) مختلف سرکاری محکمہ جات کی جانب سے ملازمتوں میں 4 فیصد تحفظات پر عمل آوری کے سلسلہ میں تلنگانہ اقلیتی کمیشن کو رپورٹ روانہ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈپارٹمنٹ آف کالیجٹ ایجوکیشن اور ڈپارٹمنٹ آف ہیریٹیج کی جانب سے اقلیتی کمیشن کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے موجودہ ملازمین میں 4 فیصد کی موجودگی سے متعلق تفصیلات فراہم کی ہیں۔ صدرنشین اقلیتی کمیشن محمد قمرالدین نے اس سلسلہ میں چیف سکریٹری کے ذریعہ تمام محکمہ جات کو مکتوب روانہ کیا تھا ۔ کمشنر کالیجٹ ایجوکیشن نوین متل نے گورنمنٹ ڈگری کالجس میں تعلیمی سال 2018-19 ء کے دوران اردو میڈیم لکچررس کی جائیدادوں کی منظوری سے متعلق اطلاع دی۔ ڈائرکٹر آرکیالوجی این آر وسالاچی نے محکمہ میں ملازمین کی جملہ تعداد اور بی سی زمرہ کے تحت موجود ملازمین کی تفصیلات روانہ کی ہے ۔ ڈائرکٹر آیوش ڈپارٹمنٹ نے یونانی میڈیکل آفیسرس کی 54 مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے جلد اعلامیہ جاری کرنے کا تیقن دیا ہے ۔ اس سلسلہ میں کمیشن نے یونانی میڈیکل آفیسرس کی نمائندگی پر نوٹس جاری کی تھی ۔ یہ جائیدادیں گزشتہ 10 سال سے مخلوعہ ہیں۔ ڈائرکٹر آیوش نے اس سلسلہ میں جلد اقدامات کرنے کا تیقن دیا ۔ نرمل ضلع کے بھینسہ میں قضاۃ اراضی کے سلسلہ میں ریٹائرڈ جوائنٹ سکریٹری اقلیتی بہبود فائق احمد نے کمیشن سے نمائندگی کی اور ان کے بھائی کو انصاف دلانے کی اپیل کی۔ کمیشن نے اس سلسلہ میں متعلقہ عہدیداروں کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔