محکمہ برقی کے عہدیداروں کو 24 گھنٹے دستیاب رہنے کی ہدایت

   

ملازمین کی رخصت منسوخ، 167 ایمرجنسی ٹیموں کی تشکیل : مشرف فاروقی

حیدرآباد ۔ 13 ۔ اگست (سیاست نیوز) ریاست میں موسلادھار بارش کی وارننگ کے پیش نظر صدرنشین و مینجنگ ڈائرکٹر سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی مشرف فاروقی آئی اے ایس نے تمام عہدیداروں کو ہائی الرٹ کی ہدایت دی ہے ۔ کارپوریشن میں انجنیئرس اور اسٹاف کی تعطیلات کو منسوخ کردیا گیا ہے اور انہیں ہیڈکوارٹر پر 24 گھنٹے دستیاب رہنے کی ہدایت دی گئی۔ کمپنی میں کارپوریٹ آفس کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے تقریباً 200 عہدیداروں اور ملازمین کو فیلڈ لیول آپریشن سرکلس میں تعینات کیا گیا ہے ۔ زونل اور سرکل دفاتر کے عہدیداروں کی بھی خدمات حاصل کی گئی ہیں ۔ سرکاری ہاسپٹلس اور دیگر اداروں میں برقی کی سربراہی پر نظر رکھی جائے گی۔ گریٹر حیدرآباد میں 2013 سیکشن آفسیس اور فیوز آف کال آفسیس کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے عصری آلات فراہم کئے گئے ہیں۔ 176 ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں گا ڑیوں کے ساتھ تشکیل دی گئی ہیں ۔ مشرف فاروقی نے ڈائرکٹر آپریشنس ڈاکٹر نرسمہلو کے ہمراہ حسین ساگر سب اسٹیشن کا معائنہ کیا اور وہاں موجود ای آر ٹی گاڑیوں اور آلات کا معائنہ کیا ۔ مشرف فاروقی نے عہدیداروں سے کہا کہ اپارٹمنٹس میں بارش کا پانی داخل ہونے کی صورت میں برقی شاک جیسی صورتحال سے بچاؤ کے اقدامات کئے جائیں۔ اپارٹمنٹ کے سیلسرس میں پانی کی فوری نکاسی کا انتظام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام برقی سربراہی سے متعلق کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں 1912 پر ربط کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اسپیشل کنٹرول رومس کے نمبرس بھی عوام کی سہولت کیلئے جاری کئے گئے۔1