محکمہ صحت میں 15 دن کے دوران 4 ہزار جائیدادوں کیلئے نوٹیفکیشن کی اجرائی

   

گذشتہ 8 ماہ کے دوران 7038 جائیدادوں پر تقررات، مزید 6905 جائیدادوں پر تقررات کا عمل جاری
حیدرآباد۔/26 ستمبر، ( سیاست نیوز) ریاستی حکومت سرکاری ہاسپٹس میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے تیز ترکارروائی کررہی ہے۔ گذشتہ 15 دن کے دوران میڈیکل اینڈ ہیلت سرویسس ریکروٹمنٹ بورڈ نے 4 ہزار جائیدادوں پر تقررات کیلئے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ مزید ہفتہ دس دن میں اسسٹنٹ پروفیسرس کی 612 جائیدادوں کیلئے نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ ویدیا ودھنا پریشد کے تحت ضلع اور ایریا ہاسپٹلس کمیونٹی ہیلت سنٹرس میں 1600 میڈیکل آفیسر ( اسپیشلسٹ ) کی جائیدادوں پر تقررات کرنے کیلئے محکمہ فینانس کی منظوری کیلئے فائیل روانہ کی گئی ہے۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ محکمہ فینانس سے منظوری حاصل ہونے کے بعد ان جائیدادوں پر تقررات کیلئے نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔ نئے میڈیکل کالجس کے قیام اور ہاسپٹلس کے اَپ گریڈیشن سے سرکاری ہاسپٹلس میں بڑی تعداد میں مخلوعہ جائیدادیں پائی جاتی ہیں۔ ریاستی وزیر صحت دامودھر راج نرسمہا نے پہلے ہی اعلان کردیا ہے کہ ان مخلوعہ جائیدادوں پر جلد از جلد تقررات کئے جائیں گے اور طبی خدمات کو بہتر بنایا جائے گا۔ ریاست میں کانگریس کی حکومت تشکیل پانے کے بعد ہاسپٹلس کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ہر ہاسپٹل میں کم از کم 80 فیصد جائیدادوں پر تقررات کرنے کا نشانہ مختص کرتے ہوئے کام کیا جارہا ہے۔ 2017 اور 2018 سے لیاب ٹیکنیشن، فارماسسٹ کی جائیدادیں عدالتی کشاکش کا شکار تھیں ان مقدمات کو حل کرنے کے اقدامات کئے گئے۔ نرسنگ آفیسرس تقررات سے متعلق نتائج جاری کردیئے گئے اور بیک وقت 6956 افراد کو تقرری لیٹر دیئے گئے۔ 285 لیاب ٹیکنیشن، 48 فزیو تھراپسٹ اور 18 ڈرگ انسپکٹرس کے تقررات کئے گئے۔ گذشتہ 8 ماہ کے دوران 7308 جائیدادوں پر تقررات کئے گئے۔ اس کے علاوہ 11 ستمبر کو 1284 لیاب ٹیکنیشن جائیدادوں پر 17 ستمبر کو مزید 2050 نرسنگ آفیسر جائیدادوں کا اعلان کیا گیا۔ دو دن قبل 633 فارماسسٹ جائیدادوں پر تقررات کیلئے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔ اس کے علاوہ 1660 ملٹی پرپز ہیلت اسسٹنٹ ( خواتین )، 156 آیوش میڈیکل آفیسرس، 435 سیول سرجن، 24 فوڈ انسپکٹر ، 435 سیول اسسٹنٹ سرجن جائیدادوں پر تقررات کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ جملہ 6,293 جائیدادوں پر تقررات کرنے کا عمل جاری ہے۔ اس کے علاوہ سرکاری میڈیکل کالجس میں 643 ٹیچنگ فیکلٹی کو پہلے ہی کنٹراکٹ کی بنیاد پر تقررات کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی حکومت نے میڈیکل اینڈ ہیلت سرویسس ریکروٹمنٹ بورڈ کو مزید 612 اسسٹنٹ پروفیسرس کی جائیدادوں پر مستقل بنیادوں پر تقررات کرنے کی جازت دے دی ہے۔ آئندہ ہفتہ دس دن میں نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔2