محکمہ صحت میں 4560 مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا مطالبہ

   

کووڈ۔19 کی صورتحال سے نمٹنے عملے کی تعداد میں اضافہ کی ضرورت
حیدرآباد۔ 3 جون (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے ریاست میں ہیلتھ ایمرجنسی جیسی صورتحال کے پیش نظر محکمہ صحت نے 4560 جائیدادوں پر تقررات کا عمل مکمل کرنے کا مطالبہ کیا۔ اے آئی سی سی کے سکریٹری ومشی چند ریڈی نے اس سلسلہ میں چیف منسٹر کے سی آر کو مکتوب روانہ کیا جس میں کہا گیا ہے کہ ریاست میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر مخلوعہ جائیدادوں پر فوری تقررات کئے جائیں تاکہ محکمہ صحت کو موجودہ بحران سے نمٹنے میں مدد ملے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف زمروں کے تحت 4560 جائیدادیں طویل عرصے سے مخلوعہ ہیں۔ حکومت نے جائیدادوں پر تقررات کے لیے اعلامیہ جاری کیا تھا تاہم ایک لاکھ درخواست گزاروں کو گزشتہ دو برسوں سے امتحانی نتائج کا انتظار ہے۔ کئی امیدوار تقررات کے سلسلہ میں انسانی حقوق کمیشن سے رجوع ہوچکے ہیں۔ ومشی چند ریڈی نے کہا کہ نتائج کی عدم اجرائی سے ذہنی اذیت کا شکار ہوکر کئی امیدوار خودکشی جیسے انتہائی اقدام پر مجبور ہورہے ہیں۔ گزشتہ پانچ برسوں میں حکومت نے صرف 6 پیرامیڈیکل عہدوں پر تقررات کئے ہیں جبکہ 7647 جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔ ریاست میں کووڈ۔19 کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے محکمہ صحت کو مستحکم کرنے کے مقصد سے حکومت کو چاہئے کہ 4560 جائیدادوں پر تقررات کا عمل جلد مکمل کرے۔