محکمہ مال میں کرپشن اور بدعنوانیاں عروج پر کئی عہدیدار اے سی بی جال میں، چیف منسٹر کو ہنمنت راؤ کا مکتوب

   

حیدرآباد ۔10۔ جون (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے محکمہ مال کو کرپشن سے پاک کرنے کیلئے فوری قدم اٹھانے کا مطالبہ کیا ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ ریونیو ڈپارٹمنٹ میں بے قاعدگیاں اور کرپشن دن بہ دن بڑھ رہا ہے۔ حالیہ عرصہ میں ریونیو ڈپارٹمنٹ کے کئی عہدیداروں کو اینٹی کرپشن بیورو نے اپنی کارر وائی میں گرفتار کیا ۔ عبداللہ پور میٹ کے تحصیلدار کے علاوہ شیخ پیٹ کے تحصیلدار کو اینٹی کرپشن بیورو نے رشوت ستانی اور آمدنی سے زائد اثاثہ جات کے معاملات میں گرفتار کیا ہے۔ محکمہ مال کے عہدیدار اور ملازمین کرپشن اور بے قاعدگیوں کے ذریعہ اثاثہ جات کے مالک بن چکے ہیں۔ کرپشن کے نتیجہ میں عوام کو دشواریوں کا سامنا ہے۔ دیہی علاقوں میں کسان محکمہ مال کے عہدیداروں کی ہراسانی کا شکار ہیں ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ محکمہ مال میں بے قاعدگیوں کے خاتمہ کیلئے موجودہ قوانین میں تبدیلی ناگزیر ہے ۔ کرپشن سے پاک محکمہ کے لئے چیف منسٹر کو چاہئے کہ کرناٹک میں عمل کئے جارہے ریونیو قانون کو ا ختیار کریں۔ کرناٹک کے قانون کے نفاذ کے ذریعہ نہ صرف عوام کو سہولت پہنچائی جاسکتی ہے بلکہ محکمہ سے کرپشن کا خاتمہ ہوگا۔ آنجہانی این ٹی راما راؤ نے اصلاحات کا آغاز کرتے ہوئے پٹیل پٹواری سسٹم کو ختم کردیا تھا ، ان کی جگہ منڈل منڈل ریونیو آفیسرس کا تقرر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ قانون میں خامیوں کا فائدہ اٹھاکر ریونیو عہدیدار عوام کے لئے مسائل پیدا کر رہے ہیں ۔ اراضیات کی خریدی اور رجسٹریشن کے معاملے میں بھاری رقومات وصول کی جارہی ہے ۔ عوام کو جائز کاموں کی تکمیل کیلئے دفاتر کے چکر کاٹنے پر مجبور کیا جارہا ہے ۔