محکمہ پولیس میں محکمہ جاتی ترقی کی راہ ہموار ، چیف منسٹر کی منظوری

   

حیدرآباد ۔ 7 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : محکمہ پولیس میں محکمہ جاتی ترقی کے منتظر عہدیداروں کی ترقی کی راہ ہموار ہوچکی ہے ۔ برسوں سے زیر التواء فائیل کو چیف منسٹر نے منظوری دے دی ہے ۔ اطلاعات کے مطابق وزیر اعلیٰ تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے پرموشن کی فائل کو منظوری دے دی ہے ۔ کئی برسوں سے ترقی کے منتظر عہدیداروں کی خواہشات کی تکمیل اب یقینی ہوگئی ہے ۔ تشکیل تلنگانہ کی 10 سالہ تقاریب کے موقع پر اس طرح کا اقدام کیا گیا ہے جس کے ذریعہ ڈپارٹمنٹل پرموشن کمیٹی ( ڈی پی سی ) سے رجوع کی گئی فائل کو ہری جھنڈی دکھائی گئی ہے ۔ اس اقدام سے محکمہ پولیس میں جشن کا ماحول پیدا ہوگیا ہے اور ڈپارٹمنٹ میں ہر طرف پرموشن کے متعلق بات چیت جاری ہے ۔ اطلاعات کے مطابق ریاست کے تمام زونس سے تعلق رکھنے والے تقریبا 500 افراد کو محکمہ جاتی ترقی حاصل ہوگی ۔ ریاست بھر میں تقریبا 70 افراد ایڈیشنل ایس پی سے ایس پی ، ڈی ایس پی سے ایڈیشنل ایس پی کی ترقی حاصل کریں گے ۔ اس طرح حالیہ دنوں جاری فہرست کے مطابق تقریبا 300 افراد سب انسپکٹر سے انسپکٹر کے عہدے پر ترقی حاصل کریں گے اور 150 سرکل انسپکٹرس کو ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ( ڈی ایس پی ) کے عہدے پر ترقی حاصل ہوگی ۔۔ ع