مختار انصاری کی بہو کو سپریم کورٹ سے نہیں ملی راحت، عبوری ضمانت دینے سے انکار، اترپردیش حکومت کو نوٹس

   

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعہ کو گینگسٹر سے سیاستدان بنے مختار انصاری کی بہو اور سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے ایم ایل اے عباس انصاری کی بیوی نکھت بانو کو عبوری ضمانت دینے سے انکار کر دیا۔ اس کے ساتھ ہی سپریم کورٹ نے اتر پردیش حکومت کو بھی نوٹس جاری کیا ہے۔ نکھت بانو کی طرف سے دائر کی گئی باقاعدہ ضمانت کی درخواست پر سپریم کورٹ نے یوپی حکومت سے 4 اگست تک جواب طلب کیا ہے۔نکھت بانو کو چترکوٹ جیل میں بند اپنے شوہر سے غیر قانونی طور پر ملاقات کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے الہ آباد ہائی کورٹ نے 29 مئی کو نکہت بانو کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی، جس کے بعد انہوں نے ہائی کورٹ کے حکم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔