لکھنو۔ مافیا ڈان و مئو رکن اسمبلی مختار انصاری کیلئے اترپردیش کی باندہ ضلع میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔انصاری کو پیر کو پنجاب کی روپڑ جیل سے لایا جارہا ہے ۔ انہیں باندہ ضلع جیل میں لانے کی ذمہ داری پریاگ راج کے اڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس پریم پرکاش کے حوالے کی گئی ہے ۔یوپی پولیس کا خصوصی دستہ مختار کو لانے پنجاب روانہ ہوچکا ہے ۔پولیس کے علاوہ کمانڈو کا خاص دستہ انصاری کو سڑک راستے کے ذریعہ کے کر آئے گا۔ادھرجیل انتظامیہ نے مختار کیلئے خاص تیاریاں کی گئی ہیں۔ ضلع کے مین گیٹ سمیت دیگر مقامات پر اضافی سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں۔ جیل کے آس پاس سیکورٹی اہلکار کو تعینات کیا گیا ہے ۔ جیل کی چہاردیواری کے باہر بڑی تعداد میں سیکورٹی اہلکار کو تعینات کیا گیا ہے ۔ڈیوٹی پر پہنچنے والے جیل ملازمین کو جانچ پڑتال کے بعد ہی داخلہ دیا جارہا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ مختار کے قافلے میں پولیس کی آٹھ گاڑیاں شامل ہیں۔ مختار کو اسپیشل گاڑی میں لایا جائے گا۔قافلے میں ایک بٹالین پی اے سی اور ایمبولنس بھی رہے گی۔قابل ذکر ہے کہ پنچاب محکمہ داخلہ نے سپریم کورٹ کی ہدایت کا حوالہ دیتے ہوئے اترپردیش حکومت سے کہا ہے کہ وہ مختار انصار کو آٹھ اپریل تک جیل سے لے لیں۔ یوپی کے اڈیشنل چیف سکریٹری کو خط میں پنجاب حکومت نے انصاری کے ٹرانسفر کیلئے مناسب انتظامات کرانے کو کہا ہے ۔ چٹھی میں کہا گیا ہے کہ انصاری کو کئی بیماریاں ہیں اور اسے لے جانے کا انتظام کرنے کے دوران اس کا دھیان رکھا جانا چاہئے ۔
