مختار عباس نقوی کو راجیہ سبھا کا ٹکٹ نہیں ملا

   

نئی دہلی : مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتا رامن اور وزیر کامرس پیوش گوئیل کو بی جے پی نے راجیہ سبھا کے لئے نامزد کیا ہے لیکن وزیر اقلیتی اُمور مختار عباس نقوی کو اُمیدواروں کی فہرست میں جگہ نہیں دی گئی ہے ۔ اُن کے ساتھ سابق وزیر پرکاش جاؤڈیکر بھی بی جے پی ٹکٹ حاصل کرنے میں ناکام ہوئے ہیں۔ 15 ریاستوں میں پھیلی ہوئی 57 رجیہ سبھا نشستوں کیلئے 10 جون کو پولنگ منعقد کی جائے گی ۔ مختار نقوی راجیہ سبھا میں جھارکھنڈ کے نمائندے ہیں لیکن اب اُنھیں ٹکٹ نہیں دیا گیا ہے ۔ اس کا مطلب ہے موجودہ میعاد کے اختتام پر اُنھیں ایوان بالا چھوڑنا پڑے گا ۔ بی جے پی کے سینئر قائدین جیسے او پی ماتھر ، جنرل سکریٹری دوشینت گوتم اور ونئے سہاسترا بودھے کو بھی اس مرتبہ ٹکٹ نہیں دیا گیا ہے ۔ بی جے پی کے راجیہ سبھا چیف وہپ اور سابق مرکزی وزیر شیو پرتاپ شکلا بھی اُمیدواروں کی فہرست میں شامل نہیں ہے ۔