6 سالہ حکمرانی کی صرف تعریف، ناکامیوں و مسائل کا تذکرہ نہیں
نئی دہلی: وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کے چھ سالہ دور کی تعریف کے بل باندھتے ہوئے کہا :’’وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی نے اقتدار کی گلیاری کے چکر کاٹنے کی روش ختم کردی۔ ان کی ’محنت اور نتائج‘نے توثیق کی کہ اقتدار اور سیاست کے گلیارے میں دہائیوں سے چکّر لگانے کو ہی ’شان‘ سمجھنے والے کام کرنے کے کلچر کی بنا پر حاشیہ پر چلے گئے ہیں‘‘۔یہ بات انہوں نے اپنے بلاگ میں کہی ہے ۔ مرکزی وزیر نے بلاشبہ وزیراعظم مودی کی سخت محنت کا ذکر کیا اور کہیں کہیں دلالوں کی مداخلت کے خاتمہ کا بھی بجاطور پر تذکرہ کیا لیکن وہ اس پوری مدت میں مودی حکومت کی ناکامیوں کے بارے میں لب کشائی کرنا بھول گئے۔ انہوں نے خاص طور پر ماقبل چناؤ اور مابعد انتخابات وعدوں اور عزم کا کوئی ذکر نہیں کیا۔ نیز نوٹ بندی، جی ایس ٹی، فسادات، کوروناوائرس بحران جیسے معاملوں میں حکومت کی صریح ناکامیوں سے صرف نظر کیا جن کی وجہ سے ملک میں بیروزگاری اور معاشی بدحالی عروج پر پہنچ چکے ہیں۔