حیدرآباد۔ یکم ؍مارچ (سیاست نیوز) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 6 افراد بشمول ایک خاتون ہلاک ہوگئے۔ بالاپور پولیس کے مطابق 18 سالہ محمد فہد جو محمد نگر علاقہ کے ساکن محمد غنی کا بیٹا تھا میڈیکل شاپ میں کام کرتا تھا، کل یہ نوجوان موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ رات دیر گئے حادثہ پیش آیا۔ اس حادثہ میں فہد شدید زخمی حالت میں فوت ہوگیا۔ افضل گنج پولیس کے مطابق 40 سالہ سراج بانو جو چنچل گوڑہ علاقہ کے ساکن محمد یوسف کی بیوی تھی کل یہ خاتون شوہر کے ساتھ موٹر سائیکل پر جارہی تھی کہ افضل گنج حدود میں آر ٹی سی بس کی ٹکر سے ہلاک ہوگئی۔ معین آباد پولیس کے مطابق 24 سالہ شیخ عالم پاشاہ جو وقارآباد علاقہ کے ساکن شیخ جہانگیر کا بیٹا تھا، 27 فروری کے دن یہ نوجوان موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ موٹر سائیکل بے قابو ہوکر حادثہ کا شکار ہوگئی اور اس حادثہ میں زخمی پاشاہ کل علاج کے دوران فوت ہوگیا۔ ایل بی نگر پولیس کے مطابق 25 سالہ وویک وردھن گوڑ جو ناگرکرنول علاقہ کے ساکن گنگا دھر گوڑ کا بیٹا تھا، گوڑ کل اپنی کار میں ساتھی کو چھوڑ کر واپس ہو رہا تھا کہ مختلف سمت سے آرہی کار کے ساتھ تصادم میں گوڑ ہلاک ہوگیا۔ عبداللہ پور میٹ پولیس کے مطابق 24 سالہ سروج اور 35 سالہ نیاز احمد اؤٹر رنگ روڈ پر پیش آئے ایک حادثہ میں ہلاک ہوگئے۔ سروج پیشہ سے ڈرائیور تھا اور نیاز احمد اس کا ساتھی ان کا تعلق اترپردیش سے بتایا گیا ہے۔ کل ڈی سی ایم گاڑی لے کر براہ اؤٹر رنگ یہ لوگ جارہے تھے کہ آگے جانے والی لاری کے اچانک بریک لگانے سے ڈی سی ایم لاری سے ٹکرا گئی اور اس حادثہ میں دونوں ہلاک ہوگئے۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔ ع