ممبئی: گذشتہ دنوں صدر جمہوریہ نے مہاراشٹر ہاؤسنگ اینڈ ایریا ڈیولپمنٹ ایکٹ میں ترمیم کر کے جس بل کومنظوری دی ہے اس سے جنوبی ممبئی کی مخدوش عمارتوں میں رہائش پذیر ہزاروں خاندان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور ان عمارتوں کے فلک بوس عمارتوں و ٹاورمیں تبدیل ہونے کی راہیں ہموار ہوگئی ہیں۔ اس ترمیم شدہ قانون کا سب سے زیادہ فائدہ جنوبی ممبئی کے علاقہ ناگپاڑہ، ڈونگری، کماٹی پورہ اور دیگر کو حاصل ہوگا۔ کیونکہ ان علاقوں میں ہی مخدوش عمارتوںکا جال پھیلا ہوا ہے ۔ مہاڈا کے چیف ایکزیکیٹو آفیسرارون ڈونگرے نے بتلایاکہ مہاڈا میں ان علاقوںمیں 400 سے زائد عمارتوں کی نشاند ہی کی ہے جو یا تو انتہائی مخدوش حالت میں یا پھر ان عمارتوں کے ٹاور میں تبدیل ہونے کا سلسلہ التواء میں پڑ اہوا ہے کئی ایک معاملا ت میں تو دس برسوں سے زائد عرصہ گذر جانے بعد بھی عمارت کے مکین دوسرے مقامات پر رہائش پذیر ہیں اور بلڈرنے انہیں کرایہ دینا ہی بند کردیا ہے اور نہ ہی ٹاور کی تبدیلی کی سرگرمیاں جاری ہیں ۔ انہوںنے بتلایا کہ ترمیم شدہ قانون سے مہاڈا کو یہ اختیار حاصل ہوگیا ہے کہ وہ کسی بھی مخدوش عمارت کو اپنے قبضہ میں لیکر اس کے ڈیولپمنٹ کے کام کا آغاز کریں۔