نئی دہلی ؍ جے پور : مدارس اسلامیہ کے نصاب کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مسلم پرسنل لاء بورڈ کے سکریٹری اورچیئرمین امام ربانی گروپ آف اسکولس مولانا محمد فضل الرحیم مجددی نے کہاکہ مدارس اسلامیہ کے نصاب ونظام میں تبدیلی وقت کی اہم ضرورت ہے ۔یہ بات انہوں نے جامعۃا لہدایہ جے پور میں مدارس کے نصاب سے متعلق ایک اجلاس میں کلیدی خطبہ پیش کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ یورپ کے صنعتی انقلاب کے بعد اورسائنس وٹکنالوجی کے ترقی پذیر دورمیں مدارس اسلامیہ کے نصاب میں تبدیلی کی ضرورت تھی، حالات کاتقاضہ تھاکہ مدارس میں پڑھنے والے دینی علوم کے ساتھ عصری علوم سے بھی واقف ہوں اوردعوت ِدین کیلئے انگریزی وہندی زبان سے واقفیت تووقت کی ضرورت ہے ۔اس لئے بہت سے مدارس نے عصری تعلیم پر توجہ دینی شروع کردی ہے ۔ ضرورت اس بات کی ہے اسے مکمل طور پر نافذ کیا جائے ۔